ممبئی، 13 فروری//
ہندوستانی سلامی بلے باز اسمرتی مندھانا ویمنز پریمیئر لیگ (ڈبلیو پی ایل) کی نیلامی میں پیر کو 3.4 کروڑ روپے میں رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) میں جانے کے ساتھ ٹورنامنٹ کی سب سے مہنگی کھلاڑی بن گئیں۔
جیو کنونشن سینٹر میں ہوئی نیلامی میں ممبئی انڈینز نے 50 لاکھ کی بولی سے نیلامی شروع کی، لیکن کافی جدوجہد کے بعد آر سی بی نے مندھانا کو اپنے اسکواڈ میں شامل کرلیا۔
مندھانا کے علاوہ آر سی بی نے نیوزی لینڈ کی صوفی ڈیوائن (50 لاکھ)، آسٹریلیا کی ایلیس پیری (1.7 کروڑ) اور ہندوستان کی رینوکا سنگھ (1.5 کروڑ) جیسے تجربہ کار کھلاڑیوں کو بھی اپنے اسکواڈ میں شامل کیا۔ پہلا انڈر 19 ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کی وکٹ کیپر بلے باز ریچا گھوش 1.9 کروڑ روپے میں بنگلور کی فرنچائز کا حصہ بن گئیں۔
آر سی بی کے ڈائریکٹر کرکٹ مائیک ہیسن نے نیلامی پر کہا، "ہر کوئی مندھانا اور پیری کو جانتا ہے، ہم ان کھلاڑیوں کے لیے بہت پرعزم تھے جنہیں ہم حاصل کرنا چاہتے تھے۔ ہمیں ایسے معیار کے کھلاڑی ملنے پر بہت خوشی ہے۔ مندھانا، پیری اور ڈیوائن کوحاصل کرنا ہمارے لیے ایک خواب جیسا ہے۔ اسمرتی کے پاس کپتانی کا کافی تجربہ ہے اور وہ ہندوستانی حالات سے واقف ہیں، اس لیے اس بات کے زیادہ امکانات ہیں کہ وہ کپتان ہوں گی۔”
آر سی بی کا حصہ بننے کے بعد، مندھانا نے کہا، "ہم مردوں کی آئی پی ایل نیلامی کو دیکھتے رہے ہیں۔ خواتین کے لیے اس طرح کی نیلامی ہونا بہت بڑا لمحہ ہے۔ آر سی بی کی وراثت بہت بڑی ہے، انہوں نے ایک بڑا فین بیس بنایا ہے۔ امید ہے کہ دونوں مل کر ایک بڑی ٹیم بنا سکتے ہیں۔ ہیلو بنگلورو، سرخ اور سنہرا پہننے اور کپ کا ہدف رکھنے کے لیے پرجوش ہوں۔”
مندھانا کو خریدنے میں ناکام ایم آئی نے کپتان ہرمن پریت کو 1.8 کروڑ میں اپنے اسکواڈ میں شامل کیا۔ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کی سب سے کامیاب فرنچائزی ہندوستانی کپتان کے علاوہ آل راؤنڈر پوجا وستراکر (1.9 کروڑ) اور یستیکا بھاٹیہ (1.5 کروڑ) کو بھی اپنے خواتین اسکواڈ میں لانے میں کامیاب رہی۔
انڈر-19 ٹی 20 ورلڈ کپ جیتنے والی ہندوستانی کپتان شیفالی ورما کو دہلی کیپٹلز نے 2 کروڑ میں خریدا، جبکہ جمائمہ روڈریگس کو وہ 2.2 کروڑ میں حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ نوجوان کھلاڑیوں پر داؤلگانے والی اس فرنچائزی نے چار مرتبہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی آسٹریلیا کی تجربہ کار کھلاڑی میگ لیننگ کوبھی ٹیم میں شامل کیا ہے۔ لیننگ، روڈریگز اور شیفالی کے ہونے سے ڈی سی کے پاس کپتانی کےآپشن بڑھ جاتے ہیں۔
دیپتی شرما 2.6 کروڑ روپے کی کمائی کے ساتھ نیلامی کی دوسری سب سے مہنگی ہندوستانی کھلاڑی بن گئیں اور انہیں کیپری گلوبل کے یوپی واریئرز نے خریدا۔ واریئرز نے دیپتی کے ساتھ ساتھ آسٹریلوی آل راؤنڈر تاہلیا میک گراتھ (1.4 کروڑ)، ہندوستانی آل راؤنڈر دیویکا ویدیہ (1.4 کروڑ) اور جنوبی افریقی بولر شبنم اسماعیل (ایک کروڑ) پر بھی موٹی رقم خرچ کی۔
آسٹریلیا کے ایشلے گارڈنر (گجرات جائنٹس) اور انگلینڈ کی نیٹ سیور (ممبئی انڈینز) 3.2 کروڑ کی کامیاب نیلامی کے ساتھ سب سے مہنگی غیرملکی کھلاڑی ثابت ہوئیں۔ بی سی سی آئی کی کسی لیگ میں پہلی بار حصہ لے رہے اڈانی گروپ کی گجرات جائنٹس اس درمیان گارڈنر کے علاوہ بیتھ مونی (2.2 کروڑ)، اسنیہ رانا (75 لاکھ) اور ہرلین دیول (40 لاکھ) کو خرید کر ایک مضبوط اسکواڈ بنانے میں کامیاب رہی۔ تاہم، کسی بھی فرنچائز نے آسٹریلیا کی تجربہ کار اسپن آل راؤنڈر ایلانا کنگ میں دلچسپی نہیں دکھائی۔
ڈبلیو پی ایل کا پہلا ایڈیشن 4 مارچ سے شروع ہونا ہے، جس میں ممبئی انڈینز، دہلی کیپٹلز، رائل چیلنجرز بنگلور، یوپی واریئرز اور گجرات جائنٹس سمیت پانچ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ٹورنامنٹ کے تمام میچز ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم اور بریبورن اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔