شہر سرینگر میں سمارٹ سٹی کے تحت کئی تعمیراتی پروجیکٹ ہاتھ میں لئے گئے ہیں جن پر گزشتہ کئی مہینوں سے تجدید اور تعمیراتی کام شدو مد کیساتھ جاری ہے۔ کام کی بھروقت تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے متعلقہ حکام دو دو شفٹوں میں کام میں مشغول ہیں تاہم دوسری جانب شہر میں جاری تعمیراتی سرگرمیوں کے نتیجہ میں لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔سمارٹ سٹی کے تحت پروجیکٹوں کی تکمیل کا مقصد شہریوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور انہیں وہ ہر ممکن سہولت بہم رکھنا ہے جو جموں کشمیر سے باہر کے شہریوں کو حاصل ہے۔زمینی سطح پر بنیادی ڈھانچے کی مضبوطی ہو یا عوام کی فلاح و بہبود سے متعلق اسکیمیں، الغرض موجودہ حکومت تن، من اور دھن سے مشغول دکھائی دے رہی ہے۔یہاں تعمیراتی پروجیکٹوں پر جاری کام کی نگرانی موجودہ حکومت میں شامل مشیران آئے روز مختلف اضلاع کا دورہ کرکے پروجیکٹوں پر کام کی رفتار کا جائزہ لینے کیساتھ ساتھ یہاں مقامی لوگوں کیساتھ گفت و شنید بھی کرتے ہیں اور ان کے مسائل کو جاننے کی بلاواسطہ کوشش کرتے ہیں جو کہ ماضی کے مقابلے میں ایک اچھا قدم ہے۔ ایسے اقدامات سے عوام کا اعتماد حکومت پر دوبارہ بحال ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔سرکاری افسران دن بھر شہری علاقوں کا دورہ کرنے میں نظر آرہے ہیں جس سے یہ بات پایہ ثبوت کو پہنچ جاتی ہے کہ موجودہ سرکار جس کی قیادت لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کررہے ہیں کی قیادت میں بہتر حکمرانی یعنی گوڈ گورننس کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کی جارہی ہے۔گزشتہ دو تین برسوں کے دوران جموں کشمیر میں زمینی سطح پر کئی تبدیلیاں رونما ہوئیںجس کے نتیجے میں سرکاری دفاتر میں کام کاج کی رفتار میںبدلائو دیکھنے میں آرہا ہے۔یہاں برسوں سے رُکی پڑی فائلیں اب تابڑ توڑ ایک سے دوسرے ٹیبل تک منتقل ہورہی ہیں جس پر سائلین اطمینان کا اظہار کررہے ہیں۔اس کے علاوہ سرکار کی جانب سے ’’گورڈ گورننس‘‘ کو یقینی بنانے کیلئے بیک ٹو ویلیج کے کئی مراحل مکمل کئے گئے ۔یہاں پر ہی اکتفا نہ کیا گیا بلکہ شہری علاقوں میں بھی لوگوں کی مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے ’’مائی ٹائون مائی پرائیڈ‘‘ کے تحت گزشتہ برس کے دوران وسیع مہم کا آغاز کیا گیا جس دوران شہروں اورقصبہ جات میں سرکاری اہلکاروں نے ترقیاتی کاموں کی رفتار کا جائزہ لیا جبکہ کئی مقامات پر مکمل ہوچکے ترقیاتی پروجیکٹ عوام کے نام وقف بھی کئے ۔ الغرض حکومت جمہوری نظام کی بحالی اور روانی کیلئے متحرک دکھائی دے رہی ہے جو کہ ایک حوصلہ افزا بات ہے۔ یوٹی کے سربراہ لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے متعدد عوامی خطبوںاور وفود سے ملاقات کے دوران اس بات کو صاف الفاظ میں بیان کیا کہ انتظامیہ عوامی مشکلات کا ازالہ کرنے کی حتی المقدور کوشش کریگی اور اس میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برتی نہیں جائیگی۔عوام کی اُمیدیں حکومتی مشینری پر ٹکی ہوئی ہیں، اُمید ہے کہ عوام کے دیرینہ خواب اور مطالبات اب مزید دیری کے بغیر شرمندہ تعبیر ہوں گے۔