نئی دہلی: انگلینڈ کے دورے پر موجود ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین رشبھ پنت کورونا سے متاثر ہوگئے ہیں اور اب وہ آئندہ ماہ انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والی ٹسٹ سیریز کے لیے ڈرہم کا سفر نہیں کریں گے۔ بی سی سی آئی کے ذرائع نے توثیق کردی ہے کہ پنت کورونا سے متاثر ہوئے ہیں اور وہ 8 دنوں کے قرنطینہ میں جاچکے ہیں۔ ذرائع نے مزید کہا ہے کہ رشبھ پنت کو محفوظ مقام پر تنہائی اختیار کرنے کی ہدایت دی گئی ہے اور اب وہ جمعرات کو ٹیم کی روانگی کے موقع پر تنہائی میں ہی رہیں گے۔ ذرائع نے یہ واضح نہیں کیا ہے کہ 23 سالہ وکٹ کیپر بیٹسمین کی ٹیم میں دوبارہ شمولیت کب ہوگی۔ پنت کی کورونا سے متاثر ہونے کے بعد بی سی سی آئی کے سکریٹری جئے شاہ نے ہندوستانی اسکواڈ کو ایک میل روانہ کرتے ہوئے برطانیہ میں کورونا کے معاملے میں اضافے کا تذکرہ کرتے ہوئے انہیں انتباہ دیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ہندوستانی ٹیم کے کھلاڑی اس وقت نیوزی لینڈ کے خلاف ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل کے بعد آرام کررہی ہے۔ بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا نے میڈیا سے کہا ہے کہ ہاں ہماری ٹیم کا ایک کھلاڑی کورونا سے متاثر ہوا ہے اور اسے قرنطینہ میں بھیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اس وقت ٹیم کے ساتھ کسی ہوٹل میں قیام نہیں کررہا ہے اور دوسرے کھلاڑی سب ہی کورونا سے محفوظ ہیں۔