ندوستانی ریسلراوراولمپک میڈلسٹ بجرنگ پونیا نے وزیراعظم مودی کو ایک طویل خط لکھا ہے۔ اس خط میں انہوں نے اپنے مطالبات نہ سننے کی وجہ سے پدم شری واپس کرنے کی بات بھی کہی ہے۔ دراصل، اس سال کی شروعات سے ہی ہندوستانی پہلوانوں کا ایک طبقہ انڈین ریسلنگ فیڈریشن میں برج بھوشن سنگھ کی چل رہی منمانی اورتانا شاہی سے متعلق احتجاج کر رہا ہے۔ برج بھوشن سنگھ پر خواتین پہلوانوں کا جنسی استحصال کرنے کا بھی الزام ہے۔ برج بھوشن سنگھ بی جے پی کے رکن پارلیمنٹ ہیں اور لمبے عرصے سے کشتی فیڈریشن کے صدر رہے ہیں۔
پہلوانوں کے لمبے آندولن کے بعد انہیں حال ہی میں صدرعہدہ چھوڑنا پڑا تھا۔ حالانکہ جو نئے صدربنائے گئے ہیں، وہ بھی برج بھوشن سنگھ خیمے کے ہی ہیں۔ ایسے میں پہلوانوں کا گزشتہ 11 ماہ سے چل رہا آندولن پوری طرح بے اثررہا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بجرنگ پونیا نے اپنا ایک میڈل لوٹانے کا اعلان کیا ہے۔
-بھارت ایکسپریس