لیفٹیننٹ گورنر کی ہری دوار میں دیویا ادھیاتمک مہا اُتسو میں شرکت
ہریدوار/ جموں / 26؍دسمبر//لیفٹیننٹ گورنر منو ج سِنہا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی ہندوستان کی ماضی کی شان کو بحال کر رہے ہیں اور ایک خوشحال اور جدید قوم کی تعمیر کر رہے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر ہری دوارکے ہری ہر آشرم میں جونا اَکھاڑہ آچارہ مہامنڈلیشور سوامی اودھیشنا نندگری کے 25 برس پورے ہونے موقعہ پر منعقدہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اُنہوں نے آچاریہ شری سوامی اودھیشانند گری کی قوم کے لئے شراکت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سوامی جی نے لوگوں کی روحانی ترقی اور سماج میں اَمن اور خوشحالی لانے کے لئے اَنتھک کام کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ترقی یافتہ ہندوستان کے ویژن کو حاصل کرنے کے لئے آچاریہ شری ماحولیات کی حفاظت، سماجی بہبود، ہیلتھ کیئر، دیہی علاقوں میں سہولیات کی فراہمی اور سماج کے محروم طبقے کے بچوں کو تعلیم دِلانے میں ایک محرک اور سہولیت کار کا کردار اَدا کررہے ہیں۔اُنہوں نے مختلف سماجی برائیوں اور طریقوں کے خلاف لڑنے اوردیرپا ترقی کی کوششوں میں نوجوانوں کو شامل کرنے میں آچاریہ شری سوامی اودھیشانند گری کے کردار کی ستائش کی۔ اُنہوں نے یہ بھی کہا کہ روحانی پیشوا ئوںنے ہمیشہ نوجوان پود کو ترغیب دی اور تعمیری کاموںکے لئے اَپنی توانائی کو متحرک کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’روحانی متلاشیوں، عظیم سائنسدانوں، فلسفیوں اور عظیم فن کاروں کی سرزمین ہندوستان نے ہمیشہ دُنیا کو اَمن اور بقائے باہمی کا راستہ دکھایا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی جی ماضی کی شان کو بحال کر رہے ہیں اور ایک خوشحال، جدید ہندوستان کی تعمیر کر رہے ہیں۔‘‘