ایجنسیاں
نئی دہلی؍مرکزی وزارت داخلہ نے ترقی یافتہ اور خوشحال لداخ کی تعمیر کے ویژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مرکز کے زیر انتظام خطہ لداخ میں پانچ نئے اضلاع کی تشکیل کو منظوری دی ہے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے پیر کے روز سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر ایک پوسٹ میں اس فیصلے کے بارے میں اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے پانچ نئے اضلاع زنسکار، دراس، شام، نوبرا اور چانگتھانگ میں انتظامیہ کو تقویت ملنے سے مقامی لوگوں کو اپنے گھروں کے پاس سرکاری اسکیموں کا فائدہ حاصل کرنے میں مدد ملے گی ان پانچ اضلاع کی تشکیل کے بعد اب لداخ میں کل سات اضلاع ہوں گے جن میں لیہہ اور کارگل شامل ہیں۔
لداخ رقبے کے لحاظ سے مرکز کے زیر انتظام بہت بڑا خطہ ہے۔ اس وقت لداخ میں دو اضلاع ہیں: لیہہ اور کارگل۔ یہ ہندوستان کے سب سے کم آبادی والے علاقوں میں سے ایک ہے۔ انتہائی دشوار گزار اور ناقابل رسائی ہونے کی وجہ سے ضلعی انتظامیہ کو اس وقت زمینی سطح تک پہنچنے میں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ ان اضلاع کی تشکیل کے بعد اب مرکزی حکومت اور لداخ انتظامیہ کی تمام عوامی فلاحی اسکیمیں عوام تک آسانی سے پہنچ سکیں گی اور زیادہ سے زیادہ لوگ ان سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ وزارت داخلہ کا یہ اہم فیصلہ لداخ کی ہمہ جہت ترقی میں انتہائی مفید ثابت ہوگا۔
پانچ نئے اضلاع کی تشکیل کے لیے "اصولی منظوری” دینے کے ساتھ، وزارت داخلہ نے لداخ انتظامیہ کو یہ بھی ہدایت دی کہ وہ نئے اضلاع کی تشکیل سے متعلق مختلف پہلوؤں پر مشورہ دے۔ انتظامیہ کو نئے عہدوں کی تخلیق، ضلع کی تشکیل سے متعلق کسی بھی دوسرے پہلو وغیرہ کو جانچنے کے لیے ایک کمیٹی بنانے اور تین ماہ کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرنے کو کہا گیا ہے۔ مذکورہ کمیٹی کی رپورٹ موصول ہونے کے بعد مرکز کے زیر انتظام علاقہ لداخ اس رپورٹ کی بنیاد پر نئے اضلاع کی تشکیل کی حتمی تجویز وزارت داخلہ کو آگے کی کارروائی کے لیے بھیجے گا۔