سرینگر//ملک کے تقریباً سبھی چھوٹے بڑے سینما گھروں میں 3جنوری 2025کو ایکشن اور رومانس سے بھرپور فلم ’پیار میں قربان‘ ریلیز ہورہی ہے۔اس سلسلے میں فلم کے پروڈیوسر امتیاز بٹ اور محمدتسلیم کا کہنا ہے کہ فلم شائقین کیلئے ’پیار میں قربان‘ مسحور کرنے کی ایک بہترین کوشش ثابت ہوگی۔مشہوربالی ووڈ اداکار زبیر کے خان کی ہدایت کاری میں منظرعام پر آرہی یہ فلم محبت اور قربانی کی ایک دلکش کہانی ہے، جو شاندار پس منظر میں ترتیب دی گئی ہے۔معلوم رہے کہ امتیاز بٹ ایک کشمیری اداکار ہیں جواس فلم میں ’بھوانی‘ کے کردار میں اداکاری کررہے ہیں۔یہ فلم جموں و کشمیر کے سبھی سینما گھروں بالخصوص سرینگر، بارہمولہ، ہندوارہ، پلوامہ اور شوپیاں میںاپنی دلکش کہانی کے ساتھ خطے میں ایک ثقافتی رجحان بننے کیلئے تیار ہے۔ پروڈیوسر امتیاز بٹ اپنے بیٹے اور نوجوان اداکار عبادت بٹ کے ساتھ نظر آرہے ہیں۔ تجربہ کار اداکار ارون بخشی نے ایک سینئر ایڈیٹر کے طور پر فلم میں مزید جان لگائی ہے جبکہ روما ارورانے کہانی میں رومانس کا شاندار کردار ادا کیا ہے۔ فلم میں گلیمر شامل کرنے والی نتاشا ماجھی نے ایک دلکش ’آئٹم سانگ‘ مرچی مرچی پیش کرکے مزید لطف اندوز بنایا ہے۔ڈائریکٹر زبیر کے خان نے حال ہی میں سرینگر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا ’’ پیار میں قربان فلم ایک ایسی کہانی ہے جو میرے دل کے قریب ہے‘‘۔پرووڈیوسر امتیاز بٹ کا کہنا ہے ’’یہ فلم صرف تفریح نہیں بلکہ ایک جذباتی سفر ہے جو دل کی گہرائیوں سے گونجتا ہے، میرے بیٹے عبادت کے ساتھ اسکرین شیئر کرنا اور ایسی غیر معمولی ٹیم کے ساتھ تعاون کرنا ایک ناقابل فراموش تجربہ رہا ہے‘‘۔فلم کے دوسرے پروڈیوسرمحمد تسلیم نے کہا’’ہم نے پیار میں قربان کو نہ صرف تفریح فراہم کرنے بلکہ جموں و کشمیر کی ثقافتی خوبصورتی اور جذباتی گہرائی کو بھی یقینی بنانے کیلئے انتھک محنت کی ہے‘‘۔انہوں نے کہا’’وردھان فلم پروڈکشنزاور Zeeمیوزک کمپنی کی یہ پیشکش فلم شائقین کیلئے ایک دلچسپ کوشش ثابت ہوگی‘‘۔