نامہ نگار
پلوامہ /۲۷؍مئی؍
ایم ایل اے پلوامہ وحیدالرحمان پرہ نے خواتین کی ضروریات اور ان کی سماجی شرکت کو مدِنظر رکھتے ہوئے ایک علیحدہ تفریحی پارک کے قیام کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اس انقلابی قدم کو عوامی حلقوں، خاص طور پر خواتین کی جانب سے زبردست پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔وحیدالرحمان پرہ نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہاکہ "ہماری بیٹیاں، بہنیں اور مائیں ایسی جگہوں کی حقدار ہیں جہاں وہ خود کو محفوظ، باوقار اور بااختیار محسوس کریں۔ یہ نئی پارک نہ صرف جسمانی صحت کو فروغ دے گا بلکہ ذہنی سکون کا ذریعہ بھی بنے گا۔”یہ مخصوص پارک پلوامہ ٹاؤن کے قلب میں تعمیر کی جائے گی، جس میں خواتین کے لیے مخصوص بیٹھنے کے علاقے، ہرے بھرے لان، اور پیدل چلنے کے لیے خوبصورت پٹریاں شامل ہوں گی۔ خواتین کی رازداری اور تحفظ کو اولین ترجیح دی جائے گی۔اس اقدام کو صنفی مساوات کی جانب ایک مؤثر قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ پلوامہ کی طالبہ شیزیا جان نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا:”ہم ایک عرصے سے ایسی جگہ کے منتظر تھے جہاں ہم بنا کسی خوف کے سیر و تفریح کر سکیں۔ یہ پارک ہماری آزادی اور وقار کی علامت ہوگی۔قصبہ پلوامہ کی ایک جواں سال خاتون نے اس پس منظر میں کہا کہ”اکثر ہم صرف اس لیے باہر نہیں جا پاتے کیونکہ مخلوط مجمع ہمیں غیر آرام دہ محسوس کراتا ہے۔ اب ہم خواتین آزادی سے صبح کی سیر اور دیگر سرگرمیاں کر سکیں گی۔”کام کرنے والی پیشہ ور خاتون سبرین اختر نے اس فیصلے کو خواتین دوست پالیسی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا:”یہ ظاہر کرتا ہے کہ حکومت واقعی ہماری آواز سن رہی ہے۔ ایسے اقدامات خواتین کو عوامی زندگی میں فعال کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتے ہیں۔”ممبر اسمبلی پلوامہ وحید الرحمٰن پرہ نے یقین دلایا ہے کہ پارک کی تعمیر جلد از جلد شروع کی جائے گی اور جدید سہولیات جیسے لائٹنگ، سی سی ٹی وی کیمرے، خواتین عملہ اور دیگر ضروری حفاظتی اقدامات بھی یقینی بنائے جائیں گے۔یہ قدم نہ صرف خواتین کی فلاح و بہبود کی سمت ایک سنگِ میل ہے بلکہ ایک مہذب، محفوظ اور بااختیار معاشرے کی تعمیر کی جانب ایک روشن مثال بھی ہے۔