سری نگر، 13 مئی ؍ جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کے شکرو کیلر جنگلاتی علاقے میں منگل کے روز سیکورٹی فورسز اور انتہا پسندوں کے درمیان مڈبھیڑ میں تین نامعلوم انتہا پسند مارے گئے ۔حکام نے بتایا کہ انتہا پسندوں کی موجودگی کے بارے میں مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر سیکورٹی فورسز نے منگل کی صبح شکرو کیلر جنگلاتی علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا۔انہوں نے کہا: ‘اس دوران وہاں چھپے دہشت گردوں نے اندھا دھند گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں طرفین کے درمیان تصادم چھڑ گیا’۔ان کا کہنا ہے : ‘آپریشن کے دوران تین دہشت گرد ہلاک ہوئے ہیں تاہم ان کی شناخت اور تنظیمی وابستگی فی الوقت معلوم نہیں ہوئی ہے ‘۔دریں اثنا فوج کے ایک ترجمان نے بتایا: ‘دہشت گردوں کی موجودگی کے بارے میں مصدقہ اطلاع موصول ہونے پر فوج نے شوپیاں کے کیلر علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کر دیا’۔انہوں نے کہا: ‘آپریشن کے دوران دہشت گردوں نے شدید فائرنگ کی اور تصادم چھڑ گیا، جس کے نتیجے میں 3 دہشت گردہلاک ہوگئے ۔ان کا کہنا ہے کہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے ۔