یو این آئی
ممبئی؍فل سالٹ (78)، وراٹ کوہلی (50) اور کپتان رجت پاٹیدار (53) کی طوفانی بلے بازی کے بعد گیندبازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت رائل چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) نے اتوار کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2026 کے 20ویں میچ میں ممبئی انڈینس کو 18 رنز سے شکست دے دی۔ ٹورنامنٹ میں یہ اس کی تیسری جیت ہے اور وہ پوائنٹس ٹیبل میں تیسری پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔
241 رنز کے بڑے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے، ممبئی انڈینز کی اوپننگ جوڑی ریان رکلٹن اور روہت شرما نے ابھی 57 رن جوڑے تھے کہ روہت شرما (19) رن پر ریٹائر ہرٹ ہوگئے۔ آٹھویں اوور میں سویاش شرما نے ریان رکلٹن کو آؤٹ کر کے آر سی بی کو پہلی کامیابی دلائی۔ ریان رکلٹن نے 22 گیندوں پر تین چوکے اور تین چھکے لگا کر 37 رنز بنائے۔
سویاش شرما نے اسی اوور کی پانچویں گیند پر تلک ورما (1) کو بھی آؤٹ کردیا۔ کپتان ہاردک پانڈیا نے سوریہ کمار یادو کے ساتھ اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ اس دوران 13ویں اوور میں کرونال پانڈیا نے سوریہ کمار یادو کو آؤٹ کرکے پویلین بھیج دیا۔ سوریہ کمار یادو نے 22 گیندوں میں پانچ چوکے لگا کر 33 رنز بنائے۔ ممبئی کا چوتھا وکٹ 15ویں اوور میں ہاردک پانڈیا کی صورت میں گرا۔ ہاردک پانڈیا نے 22 گیندوں میں چھ چوکے اور ایک چھکا لگا کر 40 رنز بنائے۔ انہیں جیکب ڈفی نے آؤٹ کیا۔ نمن دھیر ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ممبئی انڈینز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 222 رنز ہی بنا سکی اور میچ 18 رنز سے ہار گئی۔ شیرفین ردرفورڈ نے 31 گیندوں پر ایک چوکا اور نو چھکے لگاتے ہوئے ناقابل شکست 71 رنز کی اننگ کھیلی، لیکن اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کر سکے۔ ممبئی کی چار میچوں میں یہ تیسری شکست ہے۔ مچل سینٹنر آٹھ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
آر سی بی کے لیے سویاش شرما نے دو وکٹ لیے۔ جیکب ڈفی، راسخ سلام اور کرونال پانڈیا نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔آج یہاں ممبئی انڈینس نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری آرسی بی کے لیے فل سالٹ اور وراٹ کوہلی کی اوپننگ جوڑی نے دھماکہ خیز بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 120 رنز جوڑے۔ شاردول ٹھاکر نے 11ویں اوور میں فل سالٹ کو ہاردک پانڈیا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کراتے ہوئے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ فل سالٹ نے 36 گیندوں پر چھ چوکے اور چھ چھکے لگا کر 78 رنز کی طوفانی اننگ کھیلی۔15ویں اوور میں ہاردک پانڈیا نے بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں وراٹ کوہلی کوباؤنڈری پر کیچ آؤٹ کرا دیا۔ وراٹ کوہلی نے 38 گیندوں میں پانچ چوکوں اور ایک چھکا کی مدد سے 50 رنز بنائے۔ اگلے ہی اوور میں مچل سینٹنر نے رجت پاٹیدار کو تلک ورما کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ رجت پاٹیدار نے 20 گیندوں میں چار چوکے اور پانچ چھکے لگا کر(53) رنوں کی نصف سنچری اننگ کھیلی۔ جیتیش شرما 10 رنز بنانے کے بعد چوتھی وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ آر سی بی نے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹ پر 240 رنز کا بڑا اسکور بنایا۔ ٹم ڈیوڈ 16 گیندوں پر 34 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ممبئی انڈینز کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ، ہاردک پانڈیا، مچل سینٹنر اور شاردول ٹھاکر نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔










