لندن، 06 اگست: آئندہ ٹی-20 ورلڈ کپ اور ایشیز سیریزسے قبل انگلینڈ کو ایک اور بڑا جھٹکا لگا ہے۔سفید گیند کرکٹ میں انگلینڈ کے تجربہ کار تیز گیندباز جوفرا آرچر چوٹ کے سبب امسال باقی کرکٹ نہیں کھیل پائیں گے۔ انگلینڈ اینڈ ویلس کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے جمعرات کو اس کی توثیق کی ہے۔سمجھا جاتا ہے کہ آرچر کی داہنی کوہنی میں دوبارہ فریکچر ہو گیا ہے اور انھیں اس سے ٹھیک ہونے میں وقت لگے گا لہٰذا وہ پورے سال کرکٹ نہیں کھیلیں گے۔ آرچر کافی وقت سے اپنی داہنی کہنی کی وجہ سے پریشانی سے دوچار ہیں جس کے سبب انھیں 2020 میں جنوبی افریقہ کے دورے اور امسال کے آغاز میں ہندوستان کے دورے کے دوران کچھ میچوں اور پورے آئی پی ایل سیشن سے باہر ہونا پڑا تھا۔ای سی بی نے ایک بیان میں کہا ،’جوفرا ٓرچر نے گذشتہ ہفتے اپنی زخمی داہنی کہنی کا اسکین کروایا تھا۔ اسکین میں معلوم ہوا کہ ان کی کہنی میں دوبارہ فریکچر ہوا ہے۔ اس کے پیش نظر وہ باقی سال کے لیے کرکٹ سے دور رہیں گے اور ہندوستان کے خلاف موجودہ ٹیسٹ سیریز ، ٹی-20 ورلڈ کپ اور آسٹریلیا میں ایشیز سیریز سے بھی باہر رہیں گے‘۔قابل ذکر ہے کہ آرچر نے حال ہی میں کاؤنٹی چیمپئن شپ میں سسیکس کے لیے کرکٹ میں واپسی کی تھی لیکن دوسری پاری میں ان کی کہنی کی چوٹ سنگین ہو گئی تھی۔ اس وجہ سے انہوں نے کینٹ کے خلاف اس میچ کے آخری دو دنوں میں گیندبازی نہیں کی تھی اور بعد میں نیوزی لینڈ کے خلاف گھریلو سیریز سے بھی باہر ہو گئے ہیں۔ (یو این آئی)