لیڈز:جیمز اینڈرسن کی قیادت میں انگلینڈ کے تیز گیند بازوں نے ہندوستانی ٹیم کوتیسرے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے پہلے ہی دن بدھ کو دوسرے سیشن کی پہلی اننگز میں 40.4 اوورز میں محض 78 رنوإ پرآل آوٹ کردیا۔ انگلینڈ نے اس کے بعد اسٹمپ تک بغیر کوئی وکٹ گنوائے 120 رن بناکر میچ اپنی گرفت میں لے لیا ہے۔ انگلینڈ کو پہلی اننگز میں 42 رن کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔روری بنرس اور حبیب حمید نے پہلے وکٹ کے لئے 2011 کے بعد پہلی بار ہندوستان کے خلاف اوپننگ شراکت داری میں 100 سے زیادہ رنوں کا اضافہ کیا۔ حمید نے 130 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 60 رن میں 11 چوکے لگائے جبکہ روری بنرس نے 125 گیندوں میں ناٹ آؤٹ 52 رن میں پانچ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔ چاروں ہندوستانی تیز گیند باز ایشات شرما، جسپریت بمراہ، محمد شمی اور محمد سراج اور لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ دونوں بلے بازروں پر کوئی اثر نہیں چھوڑ پائے ۔لارڈز میں دوسرا ٹیسٹ 151 رنز کے بڑے فرق سے جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بلے بازی کرنے کاغلط فیصلہ کیا۔ اینڈرسن نے آٹھ اووروں میں محض چھ رن دے کر ہندوستان کے ٹاپ تین بلے بازوں لوکیش راہل، چتیشور پجارا اور کپتان وراٹ کو پویلین کی راہ دکھائی۔ تینوں کے کیچ وکٹ کیپر جوس بٹلر کے ہاتھوں میں گئے۔ راہل پہلے اورر کی پانچویں گیند پر کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوگئے۔ پجارا ایک رن بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ وراٹ 17 گیندوں میں سات رن بناکر آؤٹ ہوئے۔اوپنر روہت شرما 105 گیندوں کی جدوجہد میں صرف ایک چوکے کی مدد سے سب سے زیادہ 19 رن بناکر کریگ اوورٹن کی گیند پر چھٹے بلے باز کے طور پرآوٹ ہوئے۔ نائب کپتان اجنکیارہانے 54 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 18 رن بناکر چوتھے بلے باز کی شکل میں ٹیم کے56 کے اسکورپر آوٹ ہوئے۔ اولی رابنسن نے رہانے کواپناشکاربنایا۔ رابنسن نے ہی رشبھ پنت کو بلٹر کے ہاتھوں کیچ کراکر پویلین کی راہ دکھائی۔ روندرجڈیجہ کاوکٹ سیم کرین نے لیا۔ لارڈز میں تیز ترین اننگز کھیلنے والے محمد شامی کااس اننگ میں کھاتہ نہیں کھلا اوراوورٹن نے ان کا وکٹ لیا۔ ایشانت شرما آٹھ رن بناکر ناٹ آوٹ رہے جبکہ کرین نے جسپریت بمراہ اوراوورٹن نے محمد سراج کوآوٹ کیا۔ بمراہ کا کھاتہ نہیں کھل سکا جبکہ سراج تین رن ہی بنا سکے۔ بٹلر نے وکٹ کے پیچھے پانچ کیچ لئے۔اینڈر سن کے علاوہ اوورٹرن نے 14 رن پر تین وکٹ، رابنسن نے 16 رن پر دو وکٹ اور کرن نے 27 رن پر دو وکٹ لئے۔