ڈھاکہ:بنگلہ دیش کے تجربہ کار سلامی بلے باز تمیم اقبال نے متحدہ عرب امارات (یواے ای) اورعمان میں 17 اکتوبر سے شروع ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ سے نام واپس لے لیا ہے۔تمیم نے بدھ کے روز فیس بک پر ایک ویڈیو پیغام میں کہا، "جیسا کہ میں نے پچھلے 15 سے 20 ٹی 20 میچ نہیں کھیلے ہیں اور جس بھی کھلاڑی نے میری جگہ لی ہے، مجھے نہیں لگتا کہ اگر میں واپس اس کی جگہ لوں گاتویہ اس کے لئے مناسب ہوگا۔”سلامی بلے باز نے حالانکہ واضح کیا کہ وہ ٹی 20 فارمیٹ سے ریٹائر نہیں ہو رہے ہیں۔ دراصل تمیم کواپریل میں سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوران گھٹنے میں چوٹ لگ گئی تھی۔ اس کے نتیجے میں وہ زمبابوے کے خلاف ٹی 20 سیریز اور آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز سے محروم ہو گئے تھے۔ وہ اب نیوزی لینڈ کے خلاف موجودہ پانچ میچوں کی ٹی 20 سیریز کے لیے بھی بنگلہ دیش ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔تمیم نے کہا، "میں نے ابھی کچھ دیر پہلے بورڈ کے صدر پاپون بھائی (ناظم الحسن) اور چیف سلیکٹر نننو بھائی (منہاج العابدین) کو فون کیا اور کہا کہ مجھے نہیں لگتا کہ مجھے ورلڈ کپ میں کھیلنا چاہیے اور میں اس کے لیے دستیاب نہیں ہوں۔ . یہ میرا آخری فیصلہ ہے اور میں اس پر قائم رہوں گا۔ میں ریٹائر نہیں ہو رہاہوں۔ بات صرف اتنی ہے کہ میں اس ورلڈ کپ کے لیے دستیاب نہیں ہوں۔ میرے خیال میں گیم پلان سب سے بڑی وجوہات میں سے ایک ہے، کیونکہ میں نے اس فارمیٹ میں طویل عرصے سے نہیں کھیلا اور دوسری وجہ گھٹنے کی چوٹ ہے، حالانکہ مجھے نہیں لگتا کہ یہ کوئی بڑا مسئلہ ہے، کیونکہ مجھے امید ہے کہ میں ورلڈ کپ سے پہلے ٹھیک ہو جاؤں گا۔” (یو این آئی)