جے پور: انگلینڈ کے بین اسٹوکس اورجوس بٹلر کے رپلیسمنٹ کے طورپر اوشین تھامس اور ایون لوئس آئی پی ایل 2021 کے یو اے ای مرحلےکے لیے راجستھان رائلز ٹیم میں شامل ہوں گے۔اسٹوکس نے جہاں اپنی ذہنی صحت کی وجہ سے وقفہ لیا ہے، وہیں بٹلر نے اپنے دوسرے بچے کی پیدائش کی وجہ سے ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ اسٹوکس نے جولائی میں کرکٹ سے علیحدگی کا اعلان کیا تھا، جبکہ بٹلر اب ہندوستان کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے پہلے تین میچ کھیلنے کے بعد اپنی اہلیہ کے پاس چلے گئے ہیں۔ وہ سیریز کے آخری دو میچ بھی نہیں کھیلیں گے۔قابل ذکر ہے کہ تھامس نے اب تک چار آئی پی ایل میچوں میں راجستھان رائلز کی جانب سے کھیلتے ہوئے پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ لوئس نے آئی پی ایل میں ممبئی انڈینز کے لیے کھیلتے ہوئے 16 میچوں میں 430 رنز بنائے ہیں۔ فرنچائز نے اس سے قبل اینڈریو ٹائی کی جگہ جنوبی افریقہ کے لیگ اسپنر اور عالمی نمبر ایک ٹی 20 بولر تبریز شمسی کو منتخب کیا تھا جبکہ جوفرا آرچر کی جگہ گلین فلپس کو شامل کیا گیا تھا۔ راجستھان رائلز اس وقت سات میچوں میں تین جیت کے ساتھ آئی پی ایل پوائنٹس ٹیبل میں پانچویں نمبر پر ہے۔ (یو این آئی)