لیڈس:سلامی بلے بازروہت شرما (127) کی غیرملکی زمین پر پہلے ٹیسٹ سنچری اور ان کی چیتیشور پجارہ (61) کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 153 رن کی زبردست شراکت داری کی بدولت ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف چوتھے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن ہفتے کے روز شاندار واپسی کرتے ہوئے خراب روشنی کے سبب تقریباً ایک گھنٹے پہلے کھیل ختم کیے جانے تک تین وکٹ کے نقصان پر 270 رن بنا لیے۔ ہندوستان کے پاس ابھی میچ میں 171 رن کی بڑھت ہے اور اس کے سات وکٹ باقی ہیں۔ انگلینڈ کو پہلی پاری میں 99 رن کی بڑھت حاصل تھی۔تیسرے دن کا پورا کھیل مکمل روہت کے نام رہا۔ روہت نے 256 گیندوں پر 127 رن بنائے جس میں 14 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ یہ روہت کی غیر ملکی زمین پر پہلی سنچری تھی۔ اپنی پاری کے دورا ن انہوں نے اپنے 3000 رن بھی پورے کیے۔انہوں نے لوکیش راہل کے ساتھ اوپننگ شراکت داری میں 34 اوور میں 83 رن جوڑے اور پھر پجارہ کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لیے 153 رن کی مضبوط شراکت داری کی۔ راہل نے 101 گیندوں پر 46 رن میں چھ چوکے اور ایک چھکا لگایا جبکہ پجارہ نے 127 گیندوں پر 61 رن میں نو چوکے لگائے۔اسٹمپس کے وقت وراٹ کوہلی 37 گیندوں پر چار چوکوں کے سہارے 22رن اور رویندر جڈیجہ 33 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے نو رن بنا کر کریز پر موجود تھے۔ (یو این آئی)