ممبئی ، 08 ستمبر//انگلینڈ میں پہلے چار ٹسٹ میچوں میں نظرانداز کئے گئے آف اسپنر روی چندرن اشون کی چار سال کے وقفے کے بعد بدھ کے روز اعلان کردہ عالمی کپ ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں واپسی کی گئی ہے جبکہ اسپنر یجویندر چہل اور کلدیپ یادو کو ٹیم سے باہر کردیا گیا ہے۔ سابق ہندوستانی کپتان مہندر سنگھ دھونی متحدہ عرب امارات اور عمان میں ہونے والے عالمی کپ میں ٹیم کے مینٹر کے طور پر ساتھ رہیں گے۔بی سی سی آئی کے سیکرٹری جے شاہ نے بدھ کے روز ٹیم کا اعلان کیا۔ سری لنکا میں ٹیم کی کپتانی سنبھالنے والے سلامی بلے باز شکھر دھون کو بھی باہر چھوڑ دیا گیا ہے جبکہ شریس ایر ، دیپک چاہر اور شاردل ٹھاکر کو ٹیم انڈیا کے ساتھ ریزرو کے طور پر رکھا گیا ہے۔اشون نے آخری بار ٹی 20 جولائی 2017 میں ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلا تھا۔ اشون نے 2018 اور 2019 سیزن میں آئی پی ایل میں پنجاب ٹیم کی کپتانی کی تھی، انہوں نے دونوں سیزن میں بالترتیب 10 اور 15 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ (یواین آئی)