لندن، 8 ستمبر:ہندوستانی کرکٹ ٹیم 2022 میں دو محدود اوورز کی سیریز کے لیے دوبارہ انگلینڈ کا دورہ کرے گی۔انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے بدھ کو اس کی تصدیق کی ہے۔ ای سی بی نے اپنے 2022 کے گھریلو سیزن کے شیڈول کے اعلان کے ساتھ ساتھ ہی نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کی میزبانی کی تصدیق کی ہے۔ میزبان انگلینڈ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز سے اپنے موسم گرما کا آغازکرے گا۔ انگلینڈکی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) سرکل 2021-2023 کے تحت موجودہ ڈبلیو ٹی سی کی فاتح نیوزی لینڈ کے خلاف تین ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔جون میں تین ٹیسٹ میچوں کے بعد انگلینڈ جولائی میں لگاتار 12 محدود اوورز کے میچز کھیلے گا، جس کا آغازہندوستان کے خلاف تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے ہوگا جو یکم جولائی سے مانچسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ میں شروع ہوگی۔ دوسرا میچ 3 جولائی کو ناٹنگھم میں اور تیسرا 6 جولائی کو ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان ون ڈے سیریز 9 جولائی سے برمنگھم میں شروع ہوگی۔ آخری دو میچز لندن میں 12 اور 14 جولائی کو کھیلے جائیں گے۔اس کے بعد انگلینڈ طویل عرصے تک جنوبی افریقہ کی میزبانی کرے گا۔ 19 جولائی کو ریور سائیڈکے میدان پر پہلے ون ڈے میچ سے دورے کا آغازہوگا۔ آخری دو ون ڈے 22 اور 24 جولائی کو کھیلے جائیں گے ، جس کے بعد 27 جولائی کو برسٹل میں تین میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جائے گی۔ 28 جولائی کو کارڈف میں دوسرا اور31 جولائی کو تیسرا اور آخری ٹی 20 میچ ساؤتھمپٹن میں کھیلا جائے گا۔ آخر میں ٹیسٹ سیریز کا انعقاد ہوگا۔ پہلا ٹیسٹ لارڈزکے میدان پر 17 اگست سے شروع ہوگا۔ دوسرا ٹیسٹ 25 اگست کو برمنگھم میں اور تیسرا 8 ستمبر سے اوول میں کھیلا جائے گا۔ ای سی بی نے 16 جولائی کو ایجبسٹن میں ٹی 20 بلاسٹ ٹورنامنٹ کے پلے آف میچز کے انعقاد کی بھی تصدیق کی ہے۔ای سی بی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ٹام ہیریسن نے ایک بیان میں کہا، "یہ کرکٹ کے لیے ایک شاندار سمرسیزن رہا ہے اور اس موسم گرما کے اختتام پرشائقین کی میدان میں واپسی کو دیکھنا بہت اچھا ہے۔ اگلے 2022 سمرسیزن کے لیے میں تین اعلیٰ معیار والی مردوں کی ٹیموں ،ہندوستان اور جنوبی افریقہ کی میزبانی کی تصدیق کر کے بہت خوش ہوں۔ موجودہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن نیوزی لینڈ کے خلاف تین میچوں کی ٹیسٹ سیریزکے ساتھ سمرسیزن کاآٖغازہوگا۔ ہم 2022 میں دو محدود اوورز کی سیریز کے لیےدوبارہ ہندوستان کی میزبانی کریں گے، جبکہ جنوبی افریقہ کے ساتھ تینوں فارمیٹ (ٹیسٹ ، ون ڈے ، ٹی 20) سیریز ہوگی۔ ”یواین آئی۔