ایمسٹرڈم ، 11 ستمبر:نیدرلینڈ نے آئندہ ماہ متحدہ عرب امارات اور عمان میں ہونے والے آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے لیے اپنی 15 رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔تجربہ کار پیٹر سیلار کی قیادت والی اس ٹیم میں ان 12 کھلاڑیوں نے واپسی کی جو دو سال قبل ورلڈ کپ کوالیفائر ٹورنامنٹ میں کھیلے تھے۔ وہیں عالمی کپ کوالیفائر ٹیم سے باہر ہونے والے 37 سالہ اسٹیفن مائبرگ نے گھریلو سطح پر اورمختلف بین الاقوامی وائٹ بال میچوں میں مسلسل رنز بنانے کی بدولت ٹیم میں جگہ حاصل کی ہے۔ ٹوبیاس ویزے اور شین سنیٹر بھی بطور ریزرو کھلاڑی ٹیم میں شامل ہوئے ہیں۔ نیدرلینڈ چوتھی مرتبہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں حصہ لے رہا ہے۔مائبرگ کے پاس پچھلے ٹی 20 ورلڈ کپ کا تجربہ ہے، جس میں انہوں نے 145.83 کے اسٹرائیک ریٹ اور 31.11 کی اوسط سے 280 رنز بنائے تھے۔ 31 سالہ لوگان وان بیک اور 21 سالہ باس ڈی لیڈے بھی ٹیم میں واپس آئے ہیں۔ ڈی لیڈے اپنے والد ٹم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اپنے کرکٹ کیریئر کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ ان کے والد نے 1996 سے 2007 تک نیدرلینڈ کے لیے کرکٹ ورلڈ کپ کے تمام میچوں میں حصہ لیا تھا۔بلے بازی میں توازن کے لیے ٹیم میں کئی آپشن شامل کیے گئے ہیں۔ ریان ٹین ڈوشیٹ اور رولوف وین ڈیر میروے جیسے کھلاڑیوں کو منتخب کیاگیا ہے جو درمیانی اووروں میں ٹیم کو سنبھالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ میکس او ڈاڈ، بین کوپر اور اسکاٹ ایڈورڈز کے ساتھ مائبرگ کا تجربہ بلے بازی میں اورگہرائی لاتا ہے۔ (یو این آئی)