نئی دہلی، 16 ستمبر:ہندوستان کے کپتان وراٹ کوہلی نے آئندہ مہینے یو اے ای اور عمان میں ہونے والے آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے بعد ٹی ٹوئنٹی ٹیم کی کپتانی چھوڑنے کا اعلان کیا ہے وراٹ کوہلی ٹویٹر پر جاری ایک بیان میں یہ اعلان کیا ہے۔ وراٹ نے لکھا ، میں نے بطور ٹی ٹوئنٹی کپتان اپنی مدت کار میں ٹیم کو سب کچھ دیا ہے اور مستقبل میں ، میں ایک بلے باز کے طور پر ٹی ٹوئنٹی کے لئے ایسا کرنا جاری رکھوں گا۔ بلاشبہ اس فیصلہ پر پہنچنے میں کافی وقت لگا۔ میرے قریبی لوگوں روی بھائی اور روہت، جو لیڈر شپ گروپ کا اہم حصہ رہے ہیں، کے ساتھ کافی غوروخوض کے بعد میں نے اکتوبر میں دبئی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے بعد اس فارمیٹ کی کپتانی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ٹیم انڈیا کے کپتان نے کہا کہ میں نے تمام سلیکٹرز کے ساتھ ساتھ بی سی سی آئی کے چیئرمین سوربھ گانگولی اور سیکریٹری جے شاہ کو بھی اس بارے میں آگاہ کردیا ہے۔ میں اپنی پوری صلاحیت کے ساتھ ہندوستانی کرکٹ اور ٹیم کی خدمت جاری رکھوں گا۔ میں ان تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان کی حیثیت سے میرے سفر میں میرا ساتھ دیا۔ میں ان کے بغیر یہ نہیں کر سکتا تھا۔ کھلاڑی ، سپورٹ اسٹاف ، سلیکشن کمیٹی ، میرے کوچ اور ہر ہندوستانی شہری جس نے ہماری جیت کے لیے دعا کی۔ ” (یواین آئی)