کولمبو ، 16 ستمبر (یو این آئی) کوسل پریرا کو جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں ہیمسٹرنگ انجری ہوئی تھی اوراب ٹی 20 ورلڈ کپ میں ان کا کھیلنا مشکوک سمجھا جارہا ہے ۔ جبکہ سری لنکا کے آل راؤنڈر لاہیرو مدھوشنکا جنوبی افریقہ کے خلاف تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل کے دوران فیلڈنگ کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔ وہ آؤٹ فیلڈ میں گیند کو روکنے کی کوشش میں چھلانگ لگا بیٹھے اور اپنے بائیں کندھے پر گرگئے تھے۔ جس کے بعد وہ کالربون فریکچر کر بیٹھے۔ سری لنکا کو اب اس کی جگہ کسی اور کھلاڑی کے نام کا اعلان کرنا ہوگا۔مدھوشنکا کو اسی میچ میں فیلڈنگ کے دوران چوٹ لگ گئی تھی اور پھر رپورٹ میں صاف ہوا کہ ان کے کالربون میں فریکچر ہے جس کے بعد وہ ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ سے باہر ہوگئے ہیں۔تیسرے ٹی 20 انٹرنیشنل میں بلے بازی کے دوران کوسل پریرا کی ہیمسٹرنگ انجری واضح طور پر دکھائی دے رہی تھی اور وہ ٹھیک سے دوڑ بھی نہیں پارہے تھے ۔ سری لنکا کی ٹیم کے فزیو ڈاکٹر دامندا اتانائیکے نے ای ایس پی این کرک انفو کو بتایا کہ ٹی 20 ورلڈ کپ میں پریرا کی شرکت مشکوک ہے اور کچھ مزید ٹیسٹوں کے بعد 23 ستمبر کو حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔اتانائیکے نے کہا ، "یہ ایک ایسی چوٹ ہے جو دوڑنے کے دوران اور بڑھ سکتی ہے ، اور اس لیے اسے ٹھیک ہونے میں زیادہ وقت لگ سکتا ہے۔ ہم جلدبازی نہیں کر سکتے۔”پریرا پہلے بھی ہیمسٹرنگ کے مسائل سے پریشان رہے ہیں ، حالانکہ یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ یہ پرانی چوٹ واپس ابھرآئی ہے یا یہ ایک نئی چوٹ ہے۔ وہ کچھ دن پہلے ہی کووڈ 19 سے صحت یاب ہونے کے بعد ٹیم میں شامل ہوئے تھے ، پریرا چوٹ کی وجہ سے ہندوستان کے خلاف بھی محدود اوورز کی سیریز کا حصہ نہیں تھے۔