سرینگر:جنوبی ضلع پلوامہ کے وہی بوگ اور بمنہ سرینگر میں تصادم آرائیوں کے دوران سیکورٹی فورسز نے دوملی ٹینٹوں کو جاں بحق کرنے کا دعویٰ کیا ۔ آئی جی کشمیر کے مطابق پلوامہ میں مارا گیا ملی ٹینٹ سرینگر کا ساکن ہے اور اُس نے ہی بٹہ مالو میں پی ڈی ڈی ملازم پر فائرنگ کی تھی جبکہ بمنہ میں فورسز کے ساتھ تصادم میں جاں بحق ہونے والے ملی ٹینٹ نے خانیار میں سب انسپکٹر پر حملہ کیا تھا۔ یو پی آئی کے مطابق مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے جمعہ بعد دوپہر پلوامہ کے وہی بوگ علاقے کو محاصرے میں لے کر جونہی تلاشی آپریشن شروع کیا تو اسی اثنا میں وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی چنانچہ حفاظتی عملے نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران کئی منٹوں تک دوبدو گولیوں کا تبادلہ جاری رہا۔ پولیس ذرائع نے بتایا کہ تصادم کے دوران ایک ملی ٹینٹ جاں بحق ہوا ہے اور اُس کے قبضے سے اے کے رائفل اور دوسرا گولہ بارود بھی برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ معلوم ہوا ہے کہ علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے اور فورسز کو مصدقہ اطلاع موصول ہوئی ہے کہ وہاں پر مزید کئی ملی ٹینٹ موجود ہو سکتے ہیں۔ آئی جی کشمیر وجے کمار نے تصادم کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد ضلع پلوامہ کے وہی بوگ علاقے کو محاصرے میں لے کر تلاشی آپریشن شروع کیا جس دوران وہاں پر موجود ملی ٹینٹوں نے فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی ۔ آئی جی کشمیر کے مطابق فورسز نے بھی پوزیشن سنبھال کر جوابی کارروائی کا آغاز کیا جس دوران ایک جنگجو جاں بحق ہوا جس کی بعد میں شناخت شاہد بشیر شیخ ساکن سرینگر کے بطور ہوئی ہے۔ آئی جی کشمیر نے بتایا مہلوک ملی ٹینٹ نے ہی 2اکتوبر 2021کے روز بٹہ مالو علاقے میں محکمہ پی ڈی ڈی کے ملازم محمد شفیع ڈار پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں اُس کی موت واقع ہوئی ۔ انہوںنے کہاکہ مہلوک ملی ٹینٹ کے قبضے سے اے کے رائفل اور دوسرا اسلحہ وگولہ بارود برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ آئی جی کشمیر کے مطابق علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔ دریں اثنا جمعہ کی شام کو سرینگر کے بمنہ علاقے میں بھی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج نے بتایا کہ بمنہ علاقے میں ملی ٹینٹوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد تلاشی آپریشن شروع کیا گیا جس دوران وہاں پر گولیوں کا تبادلہ ہوا۔ آئی جی پی کے مطابق تصادم کے دوران ہلاک کئے گئے ملی ٹینٹ نے ہی خانیار میں سب انسپکٹر ارشید احمد پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں اُس کی موت واقع ہوئی۔ آئی جی نے بتایا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن جاری ہے۔ ادھر پولیس نے عوام سے پْر زور اپیل کی ہے کہ وہ جائے تصادم پر جانے سے تب تک گریز کیا کریں جب تک اْسے پوری طرح سے صاف قرار نہ دیا جائے کیونکہ پولیس اور دیگر سلامتی ادارے لوگوں کے جان و مال کی محافظ ہے لہذا لوگوں کی قیمتی جانوں کو بچانے کیلئے پولیس ہر ممکن کوشش کرتی ہے۔ چنانچہ ممکن طور جھڑپ کی جگہ بارودی مواد اگر پھٹنے سے رہ گیا ہو تو اْس کی زد میں آکر کسی کی جان بھی جاسکتی ہے۔ اسی لئے لوگوں سے بار بار اپیل کی جاتی ہے کہ وہ جھڑپ کی جگہ کا رخ کرنے سے اجتناب کریں۔ لوگوں سے التجا کی جاتی ہے کہ وہ حفاظتی عملے کو اپنا کام بہ احسن خوبی انجام دینے میں بھر پور تعاون فراہم کریں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہ آسکیں۔