جموں، 22 اکتوبر: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اپنے تین روز دورہ جموں و کشمیر کے دوران 24 اکتوبر کو جموں میں ایک ریلی سے خطاب کریں گے ذرائع نے یو این آئی کو یہ اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ ریلی کا مقام بھگوتی نگر مقرر کیا گیا ہے انہوں نے بتایا: ‘مسٹر شاہ 23 اکتوبر کو سری نگر پہنچیں گے اور پھر اگلے دن جموں کا دورہ کریں گے۔ وہ یہاں پبلک ریلی سے خطاب کرنے کے علاوہ مقامی بی جے پی لیڈران اور دیگر گروپوں سے ملاقاتیں کریں گے۔ایک سینیئر پولیس افسر نے بتایا کہ وزیر داخلہ کے دورے کے پیش نظر جموں میں بھی سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایا: ‘شہر میں مختلف مقامات پر عارضی ناکے بٹھائے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ سرحدی علاقوں میں نگرانی بڑھائی گئی ہے۔دریں اثنا وزیر داخلہ کے دورہ جموں وکشمیر کے پیش نظر فوج اور جموں پولیس نے جمعے کو یہاں نگروٹہ میں واقع وائٹ نائٹ کارپس ہیڈکوارٹرز پر ایک مشترکہ سکیورٹی جائزہ کانفرنس منعقد کی۔ایک فوجی عہدیدار نے بتایا کہ اس سکیورٹی جائزہ کانفرنس کی صدارت وائٹ نائٹ کارپس کے جی او سی لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سوچھندرا کمار نے کی۔انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں فوج، پولیس اور انٹیلی جنس و دیگر سکیورٹی ایجنسیوں کے اعلیٰ افسروں نے شرکت کی۔جموں زون پولیس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل مکیش سنگھ نے بھی اس کانفرنس میں شرکت کی۔ (یو این آئی)