سری نگر:یکم جولائی :جے کے این ایس : ڈاکٹروں کے قومی دن کے موقعہ پراپنے ایک پیغام میں جموں وکشمیرکے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ کورونا وباء کے دوران بے لوث خدمات انجام دینے پرپوری قوم ڈاکٹروں کی مشکور ہے ۔انہوںنے کہاکہ کورونا وائرس سے پیداشدہ خطرات کے باوجود جس بے لوث طریقے سے ڈاکٹروں نے مہلک وائرس میں مبتلاء مریضوںکوطبی خدمات فراہم کیں ،اُس کیلئے قدم ڈاکٹروںکی مشکور وممنون ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے اپنے آفیشل ٹویٹر پرلکھے ایک ٹویٹ میں کہاکہ میں ڈاکٹروں کے قومی دن کے موقعہ پراُنھیں شکریہ ادا کرتاہوں ۔منوج سنہا نے آگے لکھاکہ آج کادن کوروناوباء کے دوران بے لوث اندازمیں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں کی خدمات کوتسلیم کرنے اوراُنکی اہمیت کوتسلیم کرنے کااہم ترین موقعہ ہے ۔انہوں نے کہاکہ کوروناکیخلاف جنگ میں ڈاکٹروںنے جس انداز میں رول نبھایا اورخدمات انجام دی ہیں ،وہ ناقابل فراموش اورقابل سراہنا بھی ہیں ۔لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ ہمیں یہ تسلیم کرنا ہوگاکہ ڈاکٹروں کااس جاری جدوجہدمیں سب سے نمایاں رول رہاہے اورابھی بھی یہ عظیم طبقہ اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے ۔انہوں نے اپنے پیغام میں کہاکہ میں سب پرزوردیتا ہوں کہ اس دن کو ڈاکٹروں کی خدمات کو سراہنے کے موقع کے طور پر لیاجائے جوذاتی قربانی دیکر بیماروں کی دیکھ بھال کر رہے ہیں اور اچھے صحت کو فروغ دے رہے ہیں۔منوج سنہا نے مزیدکہاکہ ہمارا ملک طبی برادری کی طرف سے پیش کردہ غیر معمولی جرات اور قیادت کا شکرگزار ہے ، جنہوں نے دوسرے فرنٹ لائم صحت کارکنوں کے ساتھ مل کر وبائی امراض کے خطرے کا مقابلہ کرنے میں اپنا رول نبھایا،اورمقررہ ڈیوٹی سے کہیں زیادہ اس صورتحال کامقابلہ کرتے ہوئے انسانی پریشانیوں کے خاتمے کیلئے فرائض انجام دئیے ۔ لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کورونا مریضوںکوسنبھالنے اوراُنھیں فوری طبی خدمات فراہم کرنے میں ڈاکٹروں کے رول کی سراہنا کرتے ہوئے کہاکہ یہ ڈاکٹروں کی پیشہ واریت ،انسانی ہمدردی اورمستقل مزاجی کاہی نتیجہ ہے کہ سب لوگوں کااعتمادبحال ہوا۔انہوں نے کہاکہ ڈاکٹروںنے دنیا بھرمیں تشویشناک صورتحال پیدا کرنے والے کورونا وائرس کامختلف سطحوں اورمحاذوں پرمقابلہ کیا ۔ڈاکٹروں نے مریضوں کوطبی خدمات فراہم کرنے کیساتھ ساتھ اس وبائی وائرس پرقابوپانے ،اس کامقابلہ کرنے کیلئے درکار ویکسین کی تیاری اوراس عالمگیر وباء پرقابوپانے کیلئے ضروری طبی اقدامات سے متعلق اپنی تحقیق بھی جاری رکھی ۔انہوں نے کہاکہ یہ ڈاکٹروں کی فرض شناسی کا ہی ثمر ہے ،کہ دنیا بھرکے لوگوں کے اعتمادکوتقویت ملی ،اورلوگوںنے اس وباء کامقابلہ کیا ۔