کولکاتہ، 22 نومبر: 2022 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں اب صرف 11 ماہ باقی رہ گئے ہیں، جس پر ہندوستانی ٹی 20 کپتان روہت شرما کی نظریں ہیں نیوزی لینڈ کے خلاف 3-0 سے کلین سویپ سیریز جیتنے کے بعد روہت نے کہا کہ نئے کھلاڑیوں کو خود کو زیادہ سے زیادہ وقت دینا ہوگا تاکہ وہ خودکوثابت کرسکیں روہت نے میچ کے بعد کہا، "جب آپ دو طرفہ سیریز کھیل رہے ہوتے ہیں تو آپ کو کچھ چیزوں کو ذہن میں رکھنا ہوگا اور ہم بھی ایسا ہی کر رہے ہیں۔ سب سے پہلے ہم چاہتے ہیں کہ ایک ایسا متحرک ماحول بنائیں جس میں نوجوان کھلاڑی خود کو محفوظ محسوس کریں اور بے خوف ہو کر کھیلیں۔کپتان نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ہماری پہلی ٹیم میٹنگ میں ہی ہم نے اس بات پر زوردیا تھا اورواضح کردیاتھا کہ جب آپ ٹیم کے لئے کارکردگی دکھاتے ہیں توکوئی اسے نظرانداز نہیں کرسکتا۔ جب آپ مخالف حالات میں خود پر ذمہ داری لیتے ہوئے ٹیم کے اوپر سے دباو کم کرتے ہیں تو سبھی آپ کو دیکھتے ہیں۔ آپ کھلاڑیوں کو خطرہ مول لینے کے لئے کہتے ہیں اوروہ اس میں کامیاب نہیں ہوئے، توبھی آپ کو ان کا ساتھ دیناہوگا کیونکہ ہم جانتے ہیں کہ وہ ٹیم کے لئے اپنی پوری کوشش کررہے ہیں۔ہندوستان نے اس سیریز میں کئی کھلاڑیوں کو موقع دیا اور ایک نئی اور نوجوان ٹیم کے ساتھ میدان میں اترا۔ ہرشل پٹیل اور وینکٹیش آئیر نے اپنا ڈیبیو کیا، جبکہ چار سالوں میں صرف ایک ٹی ٹوئنٹی کھیلنے والے اکشر پٹیل کو بھی رویندر جڈیجہ کی جگہ موقع دیا گیا۔ حالانکہ سیریز میں رتوراج گائیکواڑ اور آویش خان کو پلیئنگ الیون میں آنےکا موقع نہیں ملا۔ (یو این آئی)