سینٹ جارج، 2 جولائی// کپتان کیرون پولارڈ کی ناٹ آؤٹ 51 رن کی طوفانی اننگز کی بدولت ویسٹ انڈیز نے جنوبی افریقہ کو چوتھے ٹی۔ 20 مقابلے میں جمعرات کو 21 رن سے شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز میں 2۔2 کی برابری حاصل کرلی۔پولارڈ نے محض 25 گیندوں میں دو چکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 51 رن کی دھماکہ خیز اننگز کھیلی جبکہ لینڈل سمنس نے 34 گیندوں پر 47 رن میں چار چوکے اور چار چھکے لگائے۔ ونڈیز نے مقررہ 20 اورر میں چھ وکٹ پر 167 رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا۔ جنوبی افریقہ کی طرف سے جارج لنڈے اور تبریز شمسی نے دو دو وکٹ حاصل کئے۔اس کے جواب میں مہمان ٹیم نو وکٹ پر 146 رن ہی بنا سکی۔ اوپنر کوئنٹ ڈی کاک نے 43 گیندوں پر چھ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 60 رن بنائے۔ پولارڈ نے چار اوور میں 24 رن دیکر ایک وکٹ لیا۔ انہیں ان کی آل راؤنڈر کارکردگی کے لئے پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔ (یو این آئی)