سری نگر:حکومت ہند کی جانب سے آسام، منی پور اور ناگالینڈ میں افسپا کے تحت علاقوں کو کم کرنے کے چند دن بعد، وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ مسلح افواج جموں و کشمیر سے اس ایکٹ کو واپس لینے کے حق میں ہیں۔جے کے این ایس کے مطابق میڈیا رپورٹس میں بتایاگیاکہ وزیردفاع راجناتھ سنگھ نے کہاکہ ہماری دفاعی افواج کے تین ونگ چاہتے ہیں کہ آرمڈ فورسز اسپیشل پاور ایکٹ (AFSPA) کو جموں و کشمیر سے جلد از جلد ہٹا دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں افسپا کے نفاذ کیلئے حالات ذمہ دار ہیں، فوج نہیں۔راجناتھ سنگھ نے کہا کہ منی پور اور ناگالینڈ کے15 پولیس اسٹیشنوں سے افسپا کو ہٹا دیا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ اس کا اپنے آپ میں بہت مطلب ہے۔ یہ اس علاقے میں پائیدار امن اور استحکام کا نتیجہ ہے ۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ نریندر مودی حکومت ملک سے ملی ٹنسی کا صفایا کرنے کے لئے کام کر رہی ہے اور شمال مشرقی خطہ مرکزی حکومت اور ریاستوں کے درمیان ہم آہنگی کی وجہ سے تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔خیال رہے وزیردفاع رجناتھ سنگھ نے افسپا اورجموں وکشمیرکی صورتحال کے حوالے چندروزقبل آسام میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسی طرح کے خیالات کااظہارکیا تھا۔ آسام کی رجدھانی گوہاٹی میں ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے، جہاں 1971 کی ہندوپاک جنگ کے آسام میں مقیم سابق فوجیوں کو مبارکباد دی گئی۔راجناتھ سنگھ نے کہا کہ حکومت ملک سے دہشت گردی کا صفایا کرنے کیلئے کام کر رہی ہے۔انہوںنے کہاکہ ہندوستان یہ پیغام دینے میں کامیاب رہا ہے کہ دہشت گردی سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کاکہناتھاکہ اگر ملک کو باہر سے نشانہ بنایا گیا تو ہم سرحد پار کرنے سے نہیں ہچکچائیں گے۔راجناتھ سنگھ نے یہ بھی کہا کہ ملک کی مشرقی سرحد اس وقت مغربی سرحد کے مقابلے زیادہ امن اور استحکام کا تجربہ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو مغربی سرحدوں پر جو کشیدگی کا سامنا ہے وہ مشرقی سرحد کے ساتھ موجود نہیں ہے کیونکہ بنگلہ دیش ایک دوست ملک ہے۔ وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ دراندازی کا مسئلہ تقریباً ختم ہو چکا ہے۔ اب سرحد (مشرقی سرحد میں) پر امن اور استحکام ہے۔شمال مشرق کے مختلف حصوں سے آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ کی حالیہ واپسی پر، وزیر دفاع نے کہا کہ جب بھی کسی جگہ پر حالات بہتر ہوئے تو حکومت نے ایسا کیا۔اس بات کو برقرار رکھتے ہوئے کہ عوامی غلط فہمی تھی کہ فوج ہمیشہ AFSPA کو نافذ کرنا چاہتی ہے۔راجناتھ سنگھ نے مزید کہاکہ یہ صورتحال ہے جوAFSPA کے نفاذ کیلئے ذمہ دار ہے، فوج نہیں۔