اقوام متحدہ:اقوام متحدہ کے سکریٹری جنرل انٹونیو گوٹیرس نے سلامتی کونسل میں ایک آوازمیں یوکرین میں امن سے متعلق دئے گئے بیان کاخیرمقدم کیا ہے۔اقوام متحدہ کے سربراہ نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا، "آج پہلی بار، سلامتی کونسل نے یوکرین میں امن کے لیے ایک آوازمیں کہاہے۔ جیساکہ میں نے اکثر کہا ہے، دنیا کو بندوقوں کو خاموش کرانے اور اقوام متحدہ چارٹر کے اقدار کو سب سے اوپر رکھنے کے لئے ایک ساتھ آنا چاہیے۔انہوں نے کہا، "میں اس حمایت کا خیرمقدم کرتا ہوں اور جان بچانے، مصائب کو کم کرنے اور امن کا راستہ تلاش کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا۔”قبل ازیں دن میں سلامتی کونسل نے یوکرین میں امن و سلامتی برقراررکھنے کے تعلق سے گہری تشویش ظاہرکی تھی۔بیان میں کہا گیا، ’’سلامتی کونسل توجہ دلاتی ہے کہ تمام رکن ممالک نے، اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت ان کے بین الاقوامی تنازعات کو پرامن طریقے سے حل کرنے کا فرض طے کیاہے۔انہوں نے کہا، ’’سلامتی کونسل یوکرین بحران کے پرامن حل تلاش کرنے کے ارادے سے سکریٹری جنرل کے ذریعہ کی جارہی کوششوں کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔ بیان کے جاری ہونے کے بعد سیکرٹری جنرل سے مناسب وقت پر سلامتی کونسل کو حالات سے آگاہ کرائے جانے کی درخواست کی گئی۔قابل ذکر ہے کہ مسٹر گوٹیرس نے گزشتہ ہفتے ماسکو میں روسی صدر ولادیمیر پوتن اور کیف میں یوکرین کے صدر ولودیمیر زیلنسکی سے ملاقات کی تھی۔