اجودھیا: سماج وادی پارٹی(ایس پی) سربراہ اکھلیش یادو نے گیان واپی معاملے کا ذکر کئے بغیر بی جے پی پر الزام لگایا کہ جس طرح سے ریاست کا ماحول خراب کیا جارہا ہے یہ مناسب نہیں ہے۔لکھنؤ سے سدھارتھ نگر جارہے سابق وزیر اعلی نے بدھ کو کارکنوں سے راستے میں ملاقات کرنے کے بعد میڈیا نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ جس طرح سے ریاست کا ماحول خراب کیا جارہا ہے یہ مناسب نہیں ہے۔ ریاست میں سبھی طبقات کے لوگ امن و محبت کے ساتھ رہیں ایسا ماحول بنایا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سماج وادی پارٹی کے کارکنوں کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ عوام کے درمیان رہ کر و محنت کر تے ہوئے ایک بار پھر ہم اپنی حکومت بنائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کی بی جے پی حکومت کی پالیسیوں سے سماج کا ہر طبقہ پریشان ہے۔ مہنگائی و بدعنوانی شباب پر ہے۔ جس طرح سے یہ حکومت من مانے فیصلے لے کر عوام کو پریشان کررہی ہے یہ مناسب نہیں ہے۔ بی جے پی کی حکومت میں عام عوام مہنگائی سے اس قدر پریشان ہیں کہ دو جون کی روٹی ملنا بھی مشکل ہے۔ پٹرول ۔ڈیزل، گیس کی قیمتیں آسمان چھورہی ہیں۔یاد و نے کہا کہ سبھی کارکن متحد ہوکر محنت کے ساتھ کام کریں اور آنے والے نگر نگم الیکشن و لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں میں مشغول ہوجائیں۔لکھنؤ سے سدھارتھ نگر جارہے سابق وزیر اعلی کا استقبال مہنت آنند داس ہنومان گڑھی، سوگریو آشرم مہنت ونود داس، ریاستی مجلس عاملہ کے رکن اندرپال یادو نے کیا۔ اس موقع پر ایس پی کے سینئر لیڈر و سابق وزیر تیج نارائن پانڈے سمیت سینکڑوں کارکنان موجود رہے۔