سری نگر:مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے ہفتے کے روز کہا کہ نریندر مودی حکومت نے دہشت گردی کے تئیں زیرو ٹالرینس کی اپنی پالیسی کے مطابق این آئی اے اور انسداد دہشت گردی قوانین جیسی تحقیقاتی ایجنسیوں کو مضبوط کرنے کیلئے تمام کوششیں کیں۔انہوں نے کہا کہ قومی تحقیقاتی ایجنسی کی مئی2024 تک تمام ریاستوں میں شاخیں ہوں گی۔جے کے این ایس مانٹرینگ ڈیسک کے مطابق مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، ریاست چھتیس گڑھ کے نوا رائے پور کے اٹل نگر علاقے میںNIAکی رائے پور برانچ کے دفتر کی عمارت کے افتتاح کے موقع پر بات کر رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ مودی حکومت نے بائیں بازو کی انتہا پسندی، دہشت گردی اور جعلی کرنسی اور منشیات سمیت دیگر متعلقہ جرائم کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی اپنائی ہے اور اس لیے ہم نے این آئی اے کو مضبوط کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔انہوںنے مزیدکہاکہ بی جے پی کی زیرقیادت مرکزی حکومت نے بھی انسداد دہشت گردی کے قوانین کو مضبوط کیا، ریاستی حکومتوں کے ساتھ دہشت گردی سے متعلق معلومات کا اشتراک کیا، قطع نظر اس کے کہ ریاست میں کسی بھی پارٹی کی حکومت کیوں نہ ہو، انسداد دہشت گردی کی تحقیقاتی ایجنسیوں کو مضبوط کیا اور اس طرح کے جرائم میں سزا کی شرح میں اضافہ کیا۔مرکزی وزیرداخلہ کاکہناتھاکہ اس (پالیسی) کے مطابق، ہماری حکومت نے این آئی اے کو مضبوط بنانے کی سمت کام کیا۔امت شاہ نے کہاکہ مجھے خوشی ہے کہ این آئی اے کی طرف سے نمٹائے گئے مقدمات میں سزا سنانے کی شرح 2014 میں75 فیصد سے2022میں94 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔مرکزی وزیر نے کہا کہ جب سے وہ اقتدار میں آئی ہے حکومت نے کشمیر کو دہشت گردی سے پاک کرنے کی کوشش کی ہے۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اپنی تقریر کے دوران کہاکہ آرٹیکل370 کی منسوخی کے بعد کشمیر میں امن دیکھنے میں آرہا ہے اور آج ہماری ایجنسیاں وہاں دہشت گردی کی سرگرمیوں کو روکنے میں کامیاب ہوئی ہیں۔انہوںنے کہاکہ یہ اس لیے ممکن ہوا کیونکہ این آئی اے نے 2018، 2019 اور 2020 میں دہشت گردی کی فنڈنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی تھی۔تین برسوں میں دہشت گردی کی فنڈنگ کے کل105 مقدمات درج کیے گئے تھے اور 876 افراد کو گرفتار کیا گیا تھا اور 94 مقدمات میں چارج شیٹ داخل کی گئی تھیں۔امت شاہ نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے بائیں بازو کی انتہا پسندی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کا بھی عہد کیا ہے جو اب ملک کے صرف چند اضلاع تک محدود ہے۔مرکزی وزیر داخلہ کاکہناتھاکہ پہلے ایل ڈبلیو ای کا اثر و رسوخ120 اضلاع تک پھیلا ہوا تھا لیکن اب یہ سکڑ کر صرف 46 اضلاع تک رہ گیا ہے۔ چھتیس گڑھ میں کچھ ایسے اضلاع ہیں جو اب بھی اس خطرے سے نبرد آزما ہیں لیکن مجھے یقین ہے کہ مرکزی اور ریاستی حکومتیں مل کر اسے ختم کریں گی۔چھتیس گڑھ کے وزیر اعلی بھوپیش بگھیل، مرکزی وزیر رینوکا سنگھ، ریاستی وزیر داخلہ تمرادھواج ساہو، بی جے پی لیڈر اور سابق وزیر اعلی رمن سنگھ اور این آئی اے کے ڈائریکٹر دنکر گپتا اس تقریب میں موجود تھے۔