دوبئی، 6جولائی// خواتین ہندستانی کرکٹ ٹیم کی کپتان متالی راج انگلینڈ کے خلاف حالی ہی میں اختتام پذیر ہوئی تین میچوں کی ون ڈے سیریز میں شاندار کارکردگی کی بدولت منگل کو جاری آئی سی سی خواتین ون ڈے رینکنگ میں پھر سے چوٹی پر پہنچ گئی ہیں۔38سالہ متالی نے انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے تینوں میچوں میں بلے سے جلوہ دکھایا۔ انہوں نے پہلے ون ڈے میں 72اور دوسرے ون ڈے میں 59 رنوں کی جارحانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو بالترتیب 201 اور 221کے باعزت اسکور تک پہنچایا تھا، جبکہ تیسرے اور آخری میچ میں 86گیندوں میں ناٹ آوٹ 75رن کی اننگز کی کھیل کر ٹیم کو چار وکٹ سے جیت دلائی تھی۔ اپنی اس کارکردگی کی بدولت متالی کو چار پائیدان کا فائدہ ہوا ہے، جس سے وہ نمبر ایک پر پہنچ گئی ہیں۔ اپنے 22 سال کے کرکٹ کیریر میں متالی نے آٹھویں بار چوٹی کے مقام پر قبضہ کیا ہے۔ہندستانی کپتان نے انگلینڈ کے دورے کی شروعات آٹھویں نمبر پر رہتے ہوئے کی تھی لیکن 206رنوں کے ساتھ سیریز میں ٹاپ رن اسکورر رہنے سے انہیں چوٹی کا مقام حاصل کرنے میں مدد ملی۔ وہ آخری بار فروری 2018میں نمبر ایک پر آئی تھیں۔ہندستان کی جارح اوپنر شیفالی ورما کو بھی رینکنگ میں فائدہ ہوا ہے۔ آخری دو ون ڈے مقابلوں میں 44اور 19کے اسکور کی بدولت وہ 49مقامات کے فائدے کے ساتھ 71ویں پائیدان پر پہنچ گئی ہیں جبکہ جھولن گوسوامی چار پائیدان کی چھلانگ لگاکر 53ویں نمبر پر پہنچی ہیں۔آل راونڈر دپتی شرما آخری ون ڈے میچ میں 47رن پر تین وکٹ لینے کی کارکردگی کے ساتھ ایک پائیدان کے فائدے سے آل راونڈر رینکنگ میں 12ویں نمبر پر آگئی ہیں۔ (یو این آئی)