لیفٹیننٹ گورنر نے کیا باغ کا افتتاح، کئی اہم شخصیات بھی تھیں موجود
کشمیر انفو//
جموں 8 اپریل :لفٹینٹ گورنر مسٹر منوج سنہا نے سنیچروار کو سناسر میں ٹیولپ گارڈن کا افتتاح کیا جو جموں ڈویژن کیلئے اس طرح کا پہلا پارک ہے ۔ اس موقع پر سیاحوں اور مقامی باشندوں کو مبارکباد دیتے ہوئے لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ رام بن ضلع میں سر سبز و شاداب جنگلات کے درمیان واقع 40 کنال پر پھیلا ہوا باغ 25 مختلف اقسام کے 2.75 لاکھ ٹیولپ بلب کے ساتھ سیاحت اور تجارتی سرگرمیوں کو بڑا فروغ دے گا ۔ اس بات کا مشاہدہ کرتے ہوئے کہ جموں کی سیاحت کی صلاحیت کئی طریقوں سے منفرد ہے ، لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ دلکش قدرتی خوبصورتی ، بھر پور ثقافتہ ورثے ، شاندار کھانوں اور گرمجوشی سے مہمان نوازی کے ساتھ یہ عالمی سیاحتی نقشے پر اپنا مقام بنا سکتا ہے اور ضروری انفراسٹرکچر اور وسائل سے انتظامیہ اس بات کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ ’’ سیاحتی مشن ‘‘ کے اقدام کے طور پر جموں و کشمیر یو ٹی میں 75 نئی منزلیں ، 75 صوفی /مذہبی مقامات ، 75 نئے ثقافتی ، ورثے کے مقامات اور 75 نئے ٹریک بنائے جا رہے ہیں تا کہ لوگوں کی امنگوں کو پورا کرنے کیلئے نئی اقتصادی راہیں کھولی جا سکیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جموں اور سرینگر کے جڑواں شہروں میں واٹر پارکس کی ترقی ، رام بن ، اودھمپور ، کٹھوعہ ، جموں ، راجوری اور پونچھ میں ثقافتی مراکز کے قیام سے مقامی صلاحیتوں کو بڑھانے ، روز گار کو فروغ دینے اور کاروباری افراد کیلئے ساز گار ماحول میں مدد ملے گی ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ آج چھوٹے اور دور دراز دیہات بھی بڑے خواب دیکھ رہے ہیں اور وسیع مواقع ، لوگوں پر مرکوز جامع اور پائیدار ترقی کی پالیسیوں اور مضبوط انفراسٹرکچر کی دستیابی کے ساتھ وہ مضبوط بن کر ابھرنے کیلئے اپنے بے پناہ وسائل سے فائدہ اٹھا رہے ہیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ وزیر اعظم جناب نریندر مودی کی جی کی قیادت میں ترقی کے لئے بجٹ کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمام شہریوں کو ایک جدید ، صنعتی اور خوشحال جے اینڈ کے یو ٹی کی تعمیر کیلئے مثبت نقطہ نظر کے ساتھ معاشرے کی ترقی کیلئے مل کر کام کرنا چاہئیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انتظامیہ عام آدمی کیلئے کام کر رہی ہے اور جامعیت ہمارے اعلیٰ ترقی کے سفر کے مرکز میں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شراکتی طرز حکمرانی اور عوام کے تعاون سے ہم آنے والی نسلوں کیلئے بہتر مستقبل بنائیں گے ۔ لفٹینٹ گورنر نے اس بات پر زور دیا کہ عزت مآب وزیر اعظم کا’ ترقی کے ساتھ ساتھ ہیریٹیج ‘کا منتر اس سفر میں ہماری رہنمائی کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج جموں و کشمیر سب سے زیادہ پسندیدہ سیاحتی مقام بن گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ’ کاروانِ ٹورازم ‘ کے ساتھ ساتھ غیر دریافت شدہ منزل کی ترقی سے جموں و کشمیر کی سیاحت کی ترقی کو نئی رفتار ملے گی ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ جموں و کشمیر کو ایک جدید اور سمارٹ سیاحتی مقام کے طور پر تیار کرنے کیلئے اس سال سیاحت کے شعبے کیلئے 447 کروڑ روپے مختص کئے گئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سانبہ قلعہ ، ہری پربت اور جنرل زوراور سنگھ پیلس کی بھی تزئین و آرائش کی جائے گی تا کہ قدیم ثقافتی ورثے کو بحال کیا جا سکے ۔ لفٹینٹ گورنر نے لوگوں ، پی آر آئی کے نمائندوں اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ گرام پنچائتوں کیلئے ترقیاتی منصوبہ تیار کرنے کیلئے 10 اپریل کو جموں کشمیر کی تمام حلقہ پنچائتوں میں منعقد ہونے والی گرام سبھا میٹنگوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں ۔ لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ سنا گاؤں سے سنا سر تک 2.5 کلو میٹر طویل سڑک کی تعمیر کو دو ماہ میں منظوری دی جائے گی ۔ کھیل کے میدان کے مسئلے پر لفٹینٹ گورنر نے کہا کہ رام بن میں 50 کنال اراضی پر کھیل کے میدان کی ترقی کیلئے جلد ہی ٹینڈر جاری کیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید یقین دلایا کہ نوجوانوں کیلئے ریلوے گراؤنڈ پر کھیلوں کا انفراسٹرکچر تیار کیا جائے گا ۔ چئیر پرسن ڈسٹرکٹ ڈیولپمنٹ کونسل رام بن ڈاکٹر شمشاد شان نے رام بن کے سیاحتی شعبے کو ترقی دینے کیلئے لفٹینٹ گورنر کی زیر قیادت یو ٹی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنر جموں ، محکمہ سیاحت کے انتظامی سیکرٹری ، کمشنر سیکرٹری محکمہ فلوریکلچر ، پارکس اینڈ گارڈنز ، ڈی سی رام بن کے علاوہ یو ٹی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران اور سیاحوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔