پی ایم پیکیج ملازمین کیلئے وادی میں اقامتی سہولیات کا افتتاح
کشمیر انفو//
بارہمولہ/26؍اپریل2023: لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے بدھوار کو بارہمولہ ، بانڈی پورہ ، گاندربل اور شوپیان میں پی ایم پیکیج ملازمین کے لئے نوتعمیر شدہ 576 اَقامتی سہولیات کا اِفتتاح کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ آج کا اِفتتاح ملازمین کی خوشحالی اور وقار کے مستقبل کے لئے مناسب سہولیات فراہم کرنے کے ہمارے عزم کا ثبوت ہے۔ُُ
اُنہوں نے کہا کہ حکومت کشمیر ی مائیگرنٹوں کے مسائل کے تئیں حساس ہے ۔ہم ان کے درد کو سمجھتے ہیں اور ریڈیذنشل اکامیوڈیشن کی تعمیر کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لئے صحیح ارادے کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے مزید کہا کہ اِنتظامیہ نے پی ایم پیکیج ملازمین کے لئے ہائوسنگ یونٹوں کی تعمیر کے عمل کو تیز کرنے کے لئے مختلف اقدامات کئے ہیں اور دسمبر 2023ء تک مزید 2,000 فلیٹ مکمل کئے جائیں گے۔
اُنہوں نے صنعتوں ، شہریوں کو بااِختیار بنانے اور مسابقتی معیشت اور جامع معاشرے کی تعمیر سمیت مختلف شعبوں میں قابل ذِکر پیش رفت کو اُجاگر کیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے کہا،’’ ہماری نوجوان پود ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہے اور اُنہیں ایک مضبوط ، خوشحال اور زیادہ متحرک جموںوکشمیر کی تعمیر کے لئے قیادت کرنی چاہیے۔‘‘اُنہوں نے جموں وکشمیر یوٹی میں بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے ، روزگار پیدا کرنے اور زندگی میں آسانی کے لئے متعارف کی گئی ترقی پسند اِصلاحات پر بھی بات کی۔اُنہوں نے کہا کہ آج ملکی اور غیر ملکی کمپنیاں جموںوکشمیر میں سرمایہ کاری کے لئے تیار ہیں۔ جموںوکشمیر یوٹی میں 1.25لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ کے ہائی ویز او رٹنل پروجیکٹ چل رہے ہیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ جموں اور سری نگر دونوں ہوائی اَڈوں پر فلائٹ آپریشن میں اِضافہ ، بہتر سڑک اور ریل رابطے نے جموںوکشمیر کو دُنیاکے قریب کیا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے مختلف ترجیحی شعبوں کی ترقی کی صلاحیت سے فائدہ اُٹھانے ، ابھرتے ہوئے صنعت کاروں کے لئے ہاتھ بڑھانے ، خود روزگارکے بڑے مواقع پیدا کرنے،تیز رفتار اور شفاف بھرتیوں کو یقینی بنانے کے لئے اُٹھائے گئے کلیدی اقدامات کا بھی اشتراک کیا ۔چیئرپرسن ڈی ڈی سی بارہمولہ محترمہ سفینہ بیگ انے اَپنے خطاب میں کہا کہ ٹرانزٹ رہائش کشمیر میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دے گی۔چیف سیکرٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے پی ایم پیکیج ملازمین کے لئے اقامتی سہولیات کی بروقت تکمیل میں اِنتظامیہ کی کوششوں پر روشنی ڈالی۔اِس موقعہ پر سول ایڈمنسٹریشن، پولیس کے سینئر اَفسران ، پی آر آئی ممبران اور سرکردہ شہری موجود تھے۔