نئی دہلی:مرکزی زرعی قوانین کے خلاف کسانوں کے احتجاج کونوماہ مکمل ہو چکے ہیں۔ اس موقع پر کسان تنظیمیں دہلی کی سنگھو بارڈرپردو روزہ قومی کانفرنس منعقد کر رہی ہیں۔ملک کی ہر ریاست سے کسانوں کے نمائندے کسانوں کے قومی کنونشن میں پہنچے ہیں۔اس کانفرنس میں متحدہ کسان مورچہ نے اگلے ماہ 25 ستمبر کو ملک گیر بھارت بند کا اعلان کیا ہے۔ کسان تنظیموں نے 5 ستمبر کو مشن یوپی اور اتراکھنڈ شروع کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ یہ مشن مغربی یوپی کے مظفر نگر سے شروع کیا جائے گا۔ اس دن کسان مظفر نگر میں ایک مہا پنچایت کا اہتمام کریں گے۔کسان رہنمادرشن پال نے بتایاہے کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ 25 ستمبر کو ہم ملک بھر میں زرعی قوانین کے خلاف بھارت بند کریں گے۔ 5 ستمبر کوہم کسان مہا پنچایت کے ذریعے دہلی اور لکھنؤ دونوں کو اشارہ دیں گے۔ اس دن لاکھوں کسان ملک بھرسے مظفر نگرپہنچیں گے۔