سرینگر :لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے منگل کے روز کشمیری تارکین وطن کی غیر منقولہ جائیدادوں سے متعلق شکایات کے ازالہ کے لیے ایک آن لائن پورٹل کا آغاز کیا۔کشمیری تارکین وطن ان ویب سائٹس http://jkmigrantreief.nic,inیاhttp://kashmirmigrantsip.jk.gov.inپراپنی شکایات ارسال کرکے درج کراسکتے ہیں ۔پورٹل پر دائر کردہ درخواست کو پبلک سروسز گارنٹی ایکٹ ،2011 کے تحت ایک مقررہ وقت میں ریونیو اتھارٹیز درخواست گزار کو اطلاع دے کر نمٹا دیں گی۔مجاز اتھارٹی (ڈپٹی کمشنر) تارکین وطن کی جائیدادوں کا سروے/فیلڈ ویری فیکیشن کرے گی اور تمام رجسٹر 15 دن کی مدت میں اپ ڈیٹ کرے گی اور ڈویڑنل کمشنر کشمیر کو تعمیل رپورٹ پیش کرے گی۔کشمیرنیوزسروس(کے این ایس )کے مطابق آن لائن پورٹل کاافتتاح کرنے کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہانے کہا کہ یہ اقدام ہندوؤں ، سکھوں اور مسلمانوں سمیت ان تارکین وطن کی حالت زار کا خاتمہ کر دے گا جو 1990 کی دہائی سے مشکلات کا شکار ہیں۔انہوںنے مزید کہا کہ میں نے پچھلے 13 مہینوں میں مختلف مذاہب کے متعدد وفود سے ملاقات کی اور انہوں نے تارکین وطن کی واپسی کی غیر واضح حمایت کی۔منوج سنہا نے کہاکہ ماضی کی غلطیوں کو سدھارنا حال کی ذمہ داری ہے۔انہوںنے کہاکہ ایک روشن مستقبل کی بنیاد ڈالتے ہوئے ، یہ وقت پرانے زخموں کو بھرنے کا بھی ہے۔ لیفٹنٹ گورنر نے کہاکہ میں تمام شہریوں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ اس کوشش میں انتظامیہ کا ساتھ دیں اور بھائی چارے کی ایک نئی مثال قائم کریں۔لیفٹنٹ گورنر منوج سنہانے کہا کہ سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپائی جی اور وزیر اعظم نریندر مودی جی کے نظریات پر عمل کرتے ہوئے ، ہم جموں و کشمیر میں سماجی مساوات اور ہم آہنگی کے لئے جامع اور تعمیری پروگراموں کو نافذ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوںنے کہاکہ یہ اقدام یو ٹی حکومت کے گڈ گورننس کے طریقوں کا نتیجہ ہے۔ لیفٹنٹ گورنر نے کہا کہ ہم قانون کی حکمرانی کو قائم کرنے اور ایک مثالی ہم آہنگ معاشرہ بنانے کے لیے کام کر رہے ہیں جو کہ کشمیریت کے حقیقی جوہر کی عکاسی کرتا ہے۔انہوںنے کہاکہ ہنگامہ آرائی کے دوران وادی سے تقریبا 60۰زار خاندانوں نے نقل مکانی کی ، جن میں سے تقریبا 44ہزار مہاجر خاندان ریلیف آرگنائزیشن جے اینڈ کے میں رجسٹرڈ ہیں ، جبکہ باقی خاندانوں نے دیگر ریاستوںومرکز کے زیر انتظام علاقوں میں منتقل ہونے کا انتخاب کیا،اوریوںبے بس تارکین وطن کو اپنی غیر منقولہ اور منقولہ جائیدادوں کو چھوڑنا پڑا۔لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ تشدد نے سب کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے بتایاکہ 44ہزار مہاجر خاندانوں میں سے 40ہزار142 ہندو خاندان ، 2684 مسلم خاندان اور 1730 سکھ برادری سے تعلق رکھتے ہیں۔منوج سنہا کاکہناتھاکہ پورٹل کی آزمائشی مدت کے دوران ، ہمیں 854 شکایات موصول ہوئی ہیں۔ اس سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ مہاجر خاندانوں کی ایک بڑی تعداد انصاف کی منتظر تھی۔ لیفٹنٹ گورنر نے کہا کہ اب شکایات پر وقت کی پابندی سے نہ صرف لوگوں کا نظام پر اعتماد بحال ہوگا بلکہ میرا یقین ہے کہ ہزاروں خاندان بندش ، انصاف اور اپنا وقار حاصل کریں گے۔