جموں 18 ستمبر 2021 ئ لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے آج یہاں راج بھون میں پیرا اولمپکس کے شرکاء راکیش کمار اور جیوتی بالیان کو اعزاز دیا ۔ شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ اسپورٹس کمپلیکس کے دو پیرا آرچز نے حال ہی میں ختم ہونے والے ٹوکیو پیرا اولمپکس میں حصہ لیا ۔ لفٹینٹ گورنر جو شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے چئیر مین بھی ہیں ، نے پیرا آرچز کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کھیلوں کی طرف شرائین بورڈ کی مدد کو سراہا جا رہا ہے اور یہ فخر کی بات ہے کہ ایس ایم وی ڈی سپورٹس کمپلیکس میں پرورش پانے والے کھلاڑی جموں اور کشمیر دُنیا کے نقشے میں ڈال رہے ہیں ۔ انہوں نے پیرا اولمپکس کے شرکاء کی کوششوں کو سراہا اور آئندہ ایونٹس میں ان کی کامیابی ک خواہش کی ۔ واضح رہے کہ راکیش کمار کا تعلق کٹڑا سے ہے اور جیوتی بالیان کا تعلق اترپردیش سے ہے لیکن وہ گذشتہ چار برسوں سے شرائین بورڈ کے اسپورٹس کمپلیکس کٹڑا میں تربیت یافتہ ہیں ۔ ان دونوں تیز اندازوں کو اسپورٹس کمپلیکس میں کوچ کلدیپ ویدوان کی رہنمائی میں تربیت دی گئی ہے ۔ راکیش نے تیز اندازی کا سفر 2017 میں شری ماتا ویشنو دیوی شرائین بورڈ کے اسپورٹس کمپلیکس سے شروع کیا تھا ۔ انہوں نے 2018 میں چیک ریپبلک میں منعقدہ ورلڈ رینکنگ ٹورنامنٹ میں اپنی ٹیم کیلئے پہلا گولڈ میڈل جیتا ، ایشین گیمز 2018 میں 10 ویں نمبر پر رہا ۔ اس سے قبل راکیش نے فروری 2021 میں دبئی میں منعقد ہونے والے فضا کپ ورلڈ رینکنگ ٹورنامنٹ کے تحت طلائی تمغہ جیتا تھا ۔ جیوتی بالیان نے نیدر لینڈ میں منعقدہ عالمی چیمپین شپ میں درجہ بندی میں 17 واں رینک حاصل کیا اور فروری 2021 میں دبئی میں منعقدہ فضا کپ ورلڈ رینکنگ ٹورنامنٹ کے تحت چاندی کا تمغہ جیتا ۔ وہ ملک کی واحد خاتون آرچر ہیں جنہوں نے ٹوکیو پیرا اولمپکس میں حصہ لیا ۔شرائین بورڈ کا اسپورٹس کمپلیکس مختلف کھیلوں کے شعبوں میں قومی اور بین الاقوامی معیار کے کھلاڑی تیار کرتا رہا ہے جیسے تیر اندازی ، ایتھلیٹکس ، جوڈو ، شوٹنگ ، بیڈ منٹن وغیرہ جو مختلف مقابلوں میں امید افزاء نتایج دکھا رہے ہیں ۔ ایس ایم وی ڈی ایس بی آرچری اکیڈمی کو کھیلو انڈیا کے تحت وزارت یوتھ افئیرز اینڈ سپورٹس حکومت ہند کی طرف سے تسلیم کیا گیا ہے ۔