سری نگر:مرکزی وزیر سیاحت ، ثقافت اور ڈونر جی کشن ریڈی نے آج کشمیر کا دو روزہ دورہ مکمل کیا۔دورے کے دوران مرکزی وزیر نے کئی ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا جن میں ویری ناگ میں 10بیڈ روم ٹورسٹ کمپلیکس ، لاڈ ورارفیع آباد میں ایپل ریزٹ ، اونتی پورہ میں راستے کی سہولیات شامل ہیں۔مرکزی وزیر نے سیاحتی صنعت کے مختلف شراکت داروں کے ساتھ تبادلہ خیال کیا جس میں ہوٹل والے ، ٹریول ایجنٹ ، ہائوس بورڈ مالکان وغیرہ شامل تھے۔ جی کشن ریڈی نے کہا کہ جموںوکشمیر میں سیاحت اور ثقافت کے فروغ کے لئے مرکزی حکومت پُر عزم ہے ۔اُنہوں نے مرکزی حکومت جموںوکشمیر کو بین الاقوامی سیاحتی مقام کے طور ترقی دینے کے لئے اَپنے دائرہ کار میں ممکن کوشش کرے گی۔سیاحتی شراکت داروں نے دیگر مسائل کے علاوہ ملک کے مختلف شہروں بشمول حید ر آباد ، کولکتہ ، چنئی سے سر ی نگر تک براہِ راست پروازیں چلانے کی مانگ کی۔اُنہوں نے نقصانات کی صورت میں اِنشورنس کوریج ، نئے سیاحتی مقامات کی ترقی ، سیاحتی مقامات پر بہتر موبائل رابطہ ، پہلگام اور گلمرگ سیاحتی مقامات پر پرانے ہوٹلوں کی تزئین و آرا ئش کا مطالبہ کیا۔مرکزی وزیر نے سیاحتی شراکت داروں کو بغور سنا اور انہیں یقین دِلایا کہ ان کے تمام جائز مسائل جلد حل کرنے کے لئے اُٹھائے جائیں گے۔مرکزی وزیر نے سیاحتی شعبے کی جانب سے جموںوکشمیر کو سیاحوں کے لئے ایک اعلیٰ منزل کے طور پر فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا۔ اُنہوں نے اِس بات پر اطمینان کا اِظہار کیا کہ محکمہ کس طرح تشہیری سرگرمیاں اور نئی منزلوں کی نشاندہی کر رہا ہے اور سیاحتی اَفراد کے لئے صلاحیت بڑھانے اور ٹیکہ کاری کو مؤثر طریقے سے مکمل کرچکا ہے۔مرکزی وزیر نے کووڈ۔19 وَبائی اَمراض کے دوران محکمہ سیاحت کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ جموںوکشمیر اِنتظامیہ نے وبائی امراض کے دوران دیگر ریاستوں اور یوٹیوں سے بہتر کام کیا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر ترقی کی راہ پر گامزن ہو رہا ہے او راُنہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت خطے کو ہندوستان کے ساتھ یکسان خوشحالی کی طرف لے جانے کے لئے ہر لحاظ سے جموںوکشمیر یوٹی کی مدد کر رہی ہے ۔مرکزی وزیر سیاحت اور ثقافت جی کشن ریڈی نے جموں وکشمیر حکومت کو یونیسکو ورثہ کے نقشے پر مغل گارڈن لانے کے لئے ہر طرح کے تعاون کا وعدہ کیا تاکہ ان مقامات کو بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل ہو اور غیر ملکی سیاحوں کی تعداد بڑھانے میں مدد ملے۔ اُنہوں نے کہا کہ مرکز جموں و کشمیر کو ملک کا نمبر ون سیاحتی مقام بنانے کے لئے ہر ممکن اقدام کرے گا۔مرکزی وزیرموصوف نے سیاحت ، ثقافت ، آثار قدیمہ سروے آف انڈیا اور دیگر محکموں کے افسران کے ساتھ میٹنگ میں جموں و کشمیر میں سیاحت کے منظر نامے کا جائزہ لیا۔ انہوں نے رائل سپرنگس گالف کورس کے مختلف سرکاری سکولوں کے طلباء کے ساتھ بھی بات چیت کی جنہیں کشمیر گالف کلب میں گالف کی تربیت دی گئی تھی۔ اُنہوں نے کہا کہ کشمیر سیاحوں اور دنیا بھر کے گالفروں کے لئے پسندیدہ گالفنگ سپاٹ ہے۔اُنہوں نے ہارون باغ کے گیٹ سے داچھی گام فوٹ ہلز ماؤنٹین بائیکنگ مہم کو بھی ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا۔شام کے بعد مرکزی وزیر نے مشہور جھیل ڈل کا دورہ کیا او راِس کی خوبصورتی کی تعریف کی۔