شارجہ :کیریبین آل راؤنڈر سنیل نارائن (21 رن پرچار وکٹ اور 26 رن) کی بہترین کارکردگی کی بدولت کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے رائل چیلنجرز بنگلورو کو پیر کے روز چار وکٹ سے شکست دے کر آئی پی ایل کے دوسرے کوالیفائر میں جگہ بنا لی ، جہاں بدھ کے روز اس کا مقابلہ دہلی کیپٹلز سے ہو گا ۔اس شکست کے ساتھ ویراٹ کا بنگلورو کو ایک بار اپنی کپتانی میں چیمپئن بنانے کا خواب چکنا چور ہو گیا ۔ ویراٹ کی کپتانی میں بنگلورو کبھی بھی آئی پی ایل کا خطاب نہیں جیت سکا۔ ویراٹ اس ٹورنامنٹ کے بعد آئی پی ایل ٹیم کی کپتانی چھوڑ دیں گے۔ اس ٹورنامنٹ کے بعد متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے بعد وہ ہندوستان کی ٹی 20 ٹیم کی کپتانی بھی چھوڑ دیں گے۔کولکتہ نے بنگلورو کو 20 اوور میں سات وکٹوں پر 138 رن پر روکنے کے بعد 19.4 اوور میں چھ وکٹوں پر 139 رن بنا کر جیت حاصل کی ۔ کولکتہ کا بدھ کو ہونے والے دوسرے کوالیفائر میں شارجہ میں دہلی کیپیٹلز کے ساتھ مقابلہ ہو گا اور فاتح ٹیم فائنل میں چنئی سپر کنگز سے لڑے گی ۔ (یو این آئی)