سری نگر:لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج راج بھون میںبذریعہ ورچیول موڈ ’’ ایل جیز ملاقات ۔براہِ راست عوامی شکایات کی شنوائی‘‘کے دوران عوامی مسائل اور شکایات کا جائزہ لیا ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے دو گھنٹے طویل پروگرام کے دوران جموں وکشمیر یوٹی بھر سے منتخب اَفراد کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے متعدد شکایت کنندگان کی شکایات کے جلد اَزجلد ازالے کے لئے موقعہ پر ہدایات جاری کیں اور اُنہوں نے اَفسران کو ہدایت دی کہ وہ ترقیاتی کاموں میں رُکاوٹوں کو دُور کرنے کے عمل میں تیزی لائیں۔لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کو واضح ہدایات جاری کیں کہ وہ ژالہ باری اور برف باری سے متاثرہ تمام کسانوں کو فوری ریلیف فراہم کریں ۔اُنہوں نے مزید کہا کہ یہ ضروری ہے کہ رقم براہِ راست اُن کے کھاتوں میں ترجیحی بنیادوں پر منتقل کی جائے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے جواب دہ اور ذمہ دار حکمرانی کے ذریعے لوگوں کی شکایات کو دُور کرنے کے لئے فعال اقدامات پر خصوصی زور دیتے ہوئے ضلعی اِنچارج سیکرٹریوں کو متعلقہ اَضلاع کا جائزہ لینے کی ہدایت دی۔اُنہوں نے مرکزی اور یوٹی سکیموں کے تمام فوائد مکمل شفافیت کے ساتھ فراہم کئے جائیں ۔کمشنرسیکرٹری پبلک گریوینس محترمہ ریحانہ بتول نے لیفٹیننٹ گورنر کو جموں وکشمیر کے مربوط شکایات کے ازالے اور نگرانی نظام (JK-IGRAMS)پر موصول ہونے والی پیش رفت اور شکایات کی صورتحال کے بارے میں جانکاری دی ۔لیفٹیننٹ گورنر نے JK-IGRAMSپر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا اور درخواست گزاروں کی شکایات کے ازالے میں اِنتظامیہ کی کوششوں پر عوام سے رائے طلب کی۔لیفٹیننٹ گورنر نے وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام سے تعلق رکھنے والے ایک درخواست گزار کی جانب سے مستحق افراد کو معاشی طور پر کمزور سیکشن سر ٹیفکیٹ جاری کرنے کی شکایت پر متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنر کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ درخواست دہندگان کو بروقت اِی ڈبلیو ایس سر ٹیفکیٹ جاری کئے جائیں۔اسی طرح ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری نے صوبہ جموں کے راجوری ضلع سے تعلق رکھنے والے ایک درخواست دہندہ کی شکایت پر سندربنی علاقے میں ایک آبپاشی نہر کی مرمت سے متعلق لیفٹیننٹ گورنر کو جانکاری دی کہ نہر کے ایک بڑے حصے کی مرمت کی گئی ہے جبکہ باقی حصے کی مرمت جلد از جلد کی جائے گی۔ضلع ترقیاتی کمشنر اودھمپورنے ادھم پور سے تعلق رکھنے والے ایک شکایت کنندہ کی طرف سے برف باری کے دوران اپنے علاقے میں بجلی کی بندش کے مسئلہ کے بارے میں پیش کی گئی شکایات کی تفصیلات دیتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر کو جانکاری دی کہ علاقے میں بجلی کی بندش ٹرانسفارمر کی عدم موجودگی کی وجہ سے ہوئی ہے اور اب ٹرانسفارمر علاقے میں نصب کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح پلوامہ اور شوپیاں کے شکایت کنندگان نے بالترتیب ایک نہر کی کھدائی اور کھیل کے میدان سے تجاوزات ہٹانے کا مسئلہ پیش کیا۔ لیفٹیننٹ گورنر نے متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کو موقعہ پر ہی ہدایات جاری کیں کہ وہ اسے جلد از جلد حل کریں۔متعلقہ افسران نے صحت، شہری اداروں، سڑکوں اور پلوں کی مرمت، پینے کے پانی کی فراہمی، بجلی کی فراہمی اور آبپاشی کی سہولیات سے متعلق درخواست دہندگان کی طرف سے اٹھائے گئے مسائل اور شکایات کے جواب میں لیفٹیننٹ گورنر کو آگاہ کیا۔ چیف سیکر ٹری ڈاکٹر ارون کمار مہتا ، ایڈیشنل چیف سیکرٹری خزانہ اتل ڈولو ، لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری نتیشور کمار ، اِنتظامی سیکرٹریوں، صوبائی کمشنران ، ضلع ترقیاتی کمشنران ، پولیس سپر اِنٹنڈنٹ ، محکموں کے سربراہان اوردیگر سینئر اَفسران بات چیت کے دوران ذاتی اور عملی طور پر موجود تھے۔