نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں مہمان ٹیم ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔پاکستان نے جب بیٹنگ شروع کی تو پہلے ہی اوور کی چوتھی گیند پر کپتان بابراعظم کی صورت میں بڑا نقصان اٹھانا پڑا، اکیل حسین نے ان کی وکٹ حاصل کی۔فخرزمان نے محمد رضوان کے ساتھ مل کر دوسری وکٹ کی شراکت میں 10 رنز بنائے اور ٹیم کا اسکور 35 رنز تک پہنچایا۔محمد رضوان نے ذمہ دارانہ بیٹنگ جاری رکھی اور 32 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی۔دوسرے اینڈ سے حیدرعلی نے بھی اچھی بیٹنگ کی اور 12 ویں اوور کے اختتام پر چوکا لگا کر ٹیم کی سنچری مکمل کی۔حیدرعلی نے 28 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ویسٹ انڈیز کےشیفرڈ نے 16 اوور شروع کیا اور پہلی ہی گیند پر محمد رضوان کو آؤٹ کیا، جنہوں نے 52 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 78 رنز بنائے۔جارح مزاج بلے باز آصف علی روایتی کارکردگی دکھانے میں ناکام ہوئے اور صرف ایک رن بنا کر باؤنڈر پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔نئے آنے والے بلے باز افتخار احمد 7 رنز کا اضافہ کر پائے ۔محمد نواز اور حیدرعلی نے جارحانہ انداز میں اسکور آگے بڑھایا۔حیدرعلی 39 گیندوں پر 68 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔محمد نواز نے اختتامی اوورز میں مہمان ٹیم کے باؤلرز کو خاطر میں لائے بغیر باؤنڈریز حاصل کیں۔انہوں نے صرف 10 گیندوں کا سامنا کیا اور 30 رنز بنائے، جس میں 3 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔پاکستان نے ویسٹ انڈیز کےخلاف مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 200 رنز بنالیے۔