سری نگر:لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے اتوار کے روز ایس ٹی سی بی ایس ایف اودھمپور میں بارڈر سیکورٹی فورس کے 636 نئے ریکروٹوں کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ ملک کی پہلی لائن آف ڈیفنس نے بہادری اور عزم کے ساتھ دہشت گردی اور عدم استحکام کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔اُنہوں نے کہا کہ ہماری سرحدوں کے باہر سے پیدا ہونے والے دہشت گردی اورمنشیات کی سمگلنگ خطرات کو ختم کرنے کے لئے قریبی تعاون اور تال میل ضروری ہے ۔لیفٹیننٹ گورنر نے زور دے کر کہا کہ موثر حکمت عملی اور رسپانس سسٹم کے ساتھ بی ایس ایف چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔لیفٹیننٹ گورنر نے جموں وکشمیر یوٹی میں اَمن و اَمان کو یقینی بنانے کے لئے بی ایس ایف کے بے پناہ تعاون اور قربانیوں کی بھی تعریف کی۔اُنہوں نے کہا کہ میں ان تمام بہادر سپاہیوں اور اَفسران کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے سرحدی حفاظت کو یقینی بنانے اور اَپنے ملک کی خود مختاری اور سا لمیت کے تحفظ میں اَپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔اُنہوں نے کہا کہ بی ایس ایف کی شراکت سرحدوں کی حفاظت اور وادی کشمیر میں پر امن ڈی ڈی سی انتخابات کے انعقاد میں اس کے کردار، کووڈ وبائی امراض میں اس کے عوامی خدمات کے پروگراموں، سرحدوں پار دراندازی اور منشیات کی سمگلنگ پر سختی سے نظر رکھتے ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا،” بی ایس ایف نے ہمیشہ عام شہریوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لئے پورے عزم سے خدمات اَنجام دی ہیں ۔ اس نے بے لوث جذبے سے بحران کے وقت سرحدی دیہات کے شہریوں کی خدمت کی اور ہمیشہ شراکتی ترقی اور پیش رفت میں سہولیت فراہم کی۔“لیفٹیننٹ گورنر نے جموں وکشمیر کو تنوع اور مواقع سے بھرا جموں وکشمیر یوٹی کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک اِکائی کے طور پر ہم نئے سرے سے اَمن ، بے مثال ترقی اور خوشحالی کی سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔اِس سے قبل لیفٹیننٹ گورنر نے پاسنگ آؤٹ ٹرینیز کے شاندار مارچ پاسٹ سے سلامی لی اور پریڈکا معائینہ کیا جس کے بعد حلف برداری کی تقریب ہوئی۔لیفٹیننٹ گورنر نے اَپنی تربیت میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو میڈل بھی پیش کئے۔ایس ٹی سی بی ایس ایف اودھمپور کے انسپکٹر جنرل پردیپ کٹیال نے خطبہ اِستقبالیہ پیش کیا اور پاس آؤٹ ریکروٹس کو دی جانے والی تربیت کے مختلف اجزا کی تفصیلات دیں۔میوزیکل یوگا کے تھیم پر ایک رنگا رنگ پرزنٹیشن کا بھی اہتمام کیا گیا جس کے بعد ریکروٹس کی طرف سے ایک منٹ کی ہتھیاروں کی مشقیں کی گئیں۔اِس موقعہ پر گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول جگانو کے طلباءنے ڈوگرہ ثقافت کی عکاسی کرنے والے شاندار ثقافتی پروگرام پیش کئے جنہیں حاضرین اور سامعین نے خوب سراہا اور محظوظ ہوئے۔(یو این آئی)