چنڈی گڑھ:پنجاب کے سابق وزیر اعلیٰ کیپٹن امریندر سنگھ نے سینئر کانگریس لیڈر سنیل جاکھڑ کو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہونے پر مبارکباد دی ہے اور انہیں "صحیح پارٹی میں صحیح آدمی” قرار دیا ہے۔آج یہاں جاری ایک بیان میں مسٹر امریندر نے دعویٰ کیا کہ آنے والے دنوں میں کانگریس کے ڈوبتے جہاز کو چھوڑنے کا عمل اسی طرح جاری رہے گا۔انہوں نے کہا کہ مسٹر جاکھڑ کی طرح کانگریس کے دیگر بڑے لیڈر بھی پارٹی چھوڑتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اپنی تباہی کی طرف تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنیل جاکھڑ جیسے ایماندار اور سچے لیڈر کانگریس میں گھٹن محسوس کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کس طرح ایک سال سے بھی کم عرصے میں ایک غلط فیصلے کی وجہ سے پنجاب میں کانگریس پارٹی مکمل طور پر ختم ہو گئی۔انہوں نے کہاکہ ’’میں اس وقت وزیر اعلیٰ تھا جب جاکھڑ ریاستی کانگریس کے صدر تھے اور ایک سال سے بھی کم عرصہ پہلے سب کچھ ٹھیک چل رہا تھا اور ہم پنجاب میں دوبارہ حکومت بنانے جا رہے تھے۔‘‘ یہ فیصلہ پارٹی کے لیے خودکشی ثابت ہوا ہے۔ ملک کے دیگر حصوں کی طرح اب پنجاب میں بھی کانگریس تباہی کی طرف بڑھ رہی ہے۔