سری نگر:جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے یاتریوں پر زور دیا ہے کہ محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کردہ موسمی ایڈوائزری کے پیش نظر امر ناتھ جی یاترا پر آنے والے یاتری پانچ اگست سے قبل پوتر شیو لنگم کا درشن کریں۔انہوں نے کہاکہ ابتک تین لاکھ کے قریب یاتریوں نے مقدس گھپا پر حاضری دی۔ان باتوں کا اظہار ایل جی نے سری نگر میں چھری مبارک پوجا کے بعد نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ محکمہ موسمیات نے پانچ اگست کے بعد پوتر گھپا کے اردگرد اور کشمیر کے دیگر حصوں میں موسم ناسازگار رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ غیر معمولی موسمی ایڈوائزری کو دیکھتے ہوئے میں تمام خواہشمند یاتریوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ پانچ اگست سے پہلے امر ناتھ پوترا گھپا کا درشن کریں۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ محکمہ موسمیات نے قبل از وقت ہی موسمی ایڈوائزری جاری کی ہے کہ پانچ اگست کے بعد کشمیر میں موسم میں تبدیلی کا امکان ہے۔انہوں نے کہا:’اب تک ملک بھر سے آئے ہوئے تین لاکھ یاتریوں نے امر ناتھ گھپا میں حاضری دی ، یاتری گیارہ اگست تک امر ناتھ پوتر گھپا کے درشن پر جاسکتے ہیں لیکن موسمی صورتحال کے پیش نظر میں تمام خواہشمند زائرین سے اپیل کر تا ہوں کہ وہ پانچ اگست سے پہلے درشن کے لئے پہنچ جائیں۔‘‘ایل جی منوج سنہا نے مزید کہاکہ گزشتہ کئی دنوں سے امر ناتھ گھپا کے اردگرد شدید بارشیں ہوئیں جبکہ گرمی کی تپش کی وجہ سے پوتر شیو لنگم بھی اپنی اصلی حالت میں نہیں رہا۔بتادیں کہ امسال شری امر ناتھ شرائن بورڈ نے یاتریوں کی ریکارڈ توڑ آمد کا امکان ظاہر کیا تھا تاہم بادل پھٹنے کی وجہ سے 15یاتری از جان ہونے کے بعد یاتریوں کی آمد میں غیر معمولی کمی واقع ہوئی۔واضح رہے کہ انڈین میٹرولوجیکل ڈپارٹمنٹ نے (اگست۔ستمبر )میں ملک میں بارش طویل مدتی اوسط کا 94-106 فیصد رہنے کی امید ہے۔محکمہ موسمیات نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مغربی ساحل، مغربی وسطی ہندوستان اور شمال مغربی ہندوستان کے علاوہ جنوبی ہندوستان کے بیشتر حصوں میں بارش معمول سے معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے۔ مغربی ساحل کے کئی حصوں اور مشرقی وسطی، مشرقی اور شمال مشرقی ہندوستان کے کچھ حصوں میں معمول سے کم بارش متوقع ہے۔اگست 2022 کے دوران، مشرقی وسطی، مشرقی اور شمال مشرقی ہندوستان کے بہت سے حصوں اور شمال مغربی اور مغربی اور جنوبی اندرونی جزیرہ نما ہندوستان کے کچھ حصوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول سے اوپر رہنے کا اندازہ ہے۔ ملک کے باقی حصوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت معمول کے قریب یا اس سے کم رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق مشرقی وسطی، مشرقی اور شمال مشرقی اور شمال مغربی ہندوستان کے پہاڑی علاقوں کے کچھ حصوں میں کم از کم درجہ حرارت معمول سے زیادہ رہنے کی توقع ہے، جب کہ شمال مغرب کے کئی حصوں میں ، مغربی وسطی اور جنوبی ہند میں کم از کم درجہ حرارت معمول پر اور اس کے نیچے رہنے کی توقع ہے۔یو این آئی