سری نگر؍ 17جنوری ؍
جموں وکشمیر کے وسطی ضلع بڈگام میں کورٹ روڈ کے نزدیک منگل کی صبح سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین مختصر تصادم آرائی کے دوران لشکر طیبہ سے وابستہ دو جنگجو مارے گئے ۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ مہلوک جنگجو گزشتہ روز رڈہ بوگ بڈگام میں محاصرے کے دوران سیکورٹی فورسز کو چکمہ دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہوئے تھے۔
پولیس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز اور پولیس نے بڈگام میں ناکہ لگایا جس دوران ایک مشتبہ گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ گاڑی میں سوار ملی ٹینٹوں نے سیکورٹی فورسز پر اندھا دھند فائرنگ شروع کی اور فرار ہونے کی کوشش کی تاہم سلامتی عملے کی کارگر حکمت عملی نے جنگجووں کو فرار ہونے کا کوئی موقع فراہم نہیں کیا اور جوابی کارروائی میں دونوں ملی ٹینٹ مارے گئے۔اُن کے مطابق مہلوک ملی ٹینٹوں کے قبضے سے اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس کشمیر رینج وجے کمار نے بتایا کہ بڈگام میں منگل کی صبح سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین ایک مختصر شوٹ آوٹ میں دو ملی ٹینٹ مارے گئے۔