سری نگر//بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات کہیں کہیں برف وباراں کاامکان ظاہر کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے موسم کی بدلتی صورتحال سے متعلق تازہ ایڈوائزری جاری کی ۔محکمہ موسمیات نے بدھ کوکہاکہ فی الوقت جموں وکشمیرمیں بادل چھائے ہوئے ہیں ،اور شام تک موسم خشک رہے گا۔تاہم متعلقہ محکمے کے مطابق بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات الگ تھلگ مقامات پر ہلکی برف باری اور بارش ہونے کاامکان ہے ۔جے کے این ایس کے مطابق محکمہ موسمیات نے مزیدکہاکہ 19سے22جنوری تک جموں وکشمیرمیں بکھرے مقامات پر وسیع پیمانے پر موسم ابرآلودرہنے کے بیچ ہلکی سے درمیانی بارش اور برف باری کے امکانات موجودہیں ۔سری نگرمیں قائم محکمہ موسمیات کے علاقائی مرکز کی جانب سے مزیدبتایاگیاکہ 23سے25جنوری تک خطہ پیرپنچال کے آرپار وسیع پیمانے پر نچلے اور میدانی علاقوںمیں درمیانی برف باری (جموں شہر اوراسکے نواحی اضلاع میں بارش) ہونے کیساتھ ساتھ بالائی اوراوپری علاقوںمیں درمیانی سے بھاری برف باری ہونے کازیادہ امکان ہے ۔محکمہ موسمیات نے مزید کہاکہ جمعرات سے رات کے کم ازکم درجہ حرارت میں اضافہ ہونے کاامکان ہے ۔متعلقہ محکمے نے اپنی ایڈوائزری میں کہاکہ برفباری والے علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو ایک بار پھر مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ ایسے علاقوں میں سفر کرتے ہوئے چوکس اور محتاط رہیں جو برفانی تودے کے خطرے سے دوچار ہیں۔