اننت ناگ:اننت ناگ میں سوموار کوآنگن واڑی ورکروں نے احتجاج کرتے ہوئے انکی تنخواہیں واگذار کرنے کا مطالبہ کیا۔نمائدےکے مطابق جنوبی ضلع اننت ناگ میں کام کررہے درجنوں آنگن واڈی ورکروں نے احتجاج کرتے ہوئے نعرہ بازی کی۔ آنگن واڑی ورکروس و ہیلپرس ایسو سی ایشن کی کنوینر لطیفہ گنائی نے بتایا کہ انکی تنخواہیں نہ صرف کم کی گئی ہیں بلکہ گشتہ 8ماہ سے واگذار بھی نہیں کی جا رہی ہیں۔ لطیفہ گنائی نے کہا کہ پوشن ٹریک جیسی اسیکم لانے سے عام لوگوں کو کوئی فائدہ نہیں ملا بلکہ وہ مرکزی سرکار نے بڑے لوگوں کو فائدہ پہچانے کی غرض سے لاگو کیا جبکہ آنگن واڈی میں کام کررہے سینکڑوں ورکرس کئی مہنوں سے تنخواہوں سے محروم ہیں ،جس کے نتیجے میں آنگن واڑی ورکرس و ہیلپر نان شبینہ کے محتاج ہیں۔احتجاجی مظاہرین نے کہا کہ تنخواہوں کی واگزاری میں انہوں نے اعلیٰ حکام سے بھی بات کی تاہم انہیں صرف یقین دہانیاں ملی رہی ہیں،اور زمینی سطح پر کوئی بھی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا جارہا ہے۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ انہیں فوری طور پر مستقل کرکے اْن کی تنخواہوں کی واگذاری کو عید سے پہلے عمل میں لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ اگر عید سے قبل انکے حق میں رکی پڑی تنخواہ واگذار نہیں کیا گیا تو وہ جگہ جگہ احتجاج پر اتر آئینگے۔