یو ز ڈیسک//
جموں،30 مئی: جموں ضلع کے جھجر کوٹلی علاقے میں منگل کی صبح ایک دلدوز سڑک حادثے میں 10 افراد کی موت جبکہ 55دیگر زخمی ہوگئے۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ جموں کے جھجر کوٹلی علاقے میں امرتسر سے کٹرہ جارہی ایک گاڑی گہری کھائی میں جا گری جس کے نتیجے میں کم سے کم 10 افراد کی بر سر موقع ہی موت واقع پوگئی جبکہ 55 دیگر زخمی ہوگئے۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج و ہسپتال جموں منتقل کیا گیا۔ایس ایس پی جموں چندن کوہلی کا کہنا ہے کہ بچائو آپریشن لگ بھگ مکمل ہوچکا ہے اور ایس ڈی آر ایف ٹیم بھی جائے موقع پر موجود ہے۔بتایا جاتا ہے کہ گاڑی میں گنجائش سے زیادہ مسافر سوار تھے۔انہوں نے کہا کہ واقعہ پیش آتے ہی پولیس جائے واردات پر پہنچ گئی اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔دریں اثنا ایس ایس پی جموں چندن کوہلی جائے واردات پر پہنچ گئے ہیں اور بچائو آپریشن کا جائزہ لے رہے ہیں۔ادھر جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جھجر کوٹلی سڑک حادثے میں انسانی جانوں کے زیاں پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے پسماندگان کے ساتھ تعزیت اور زخمیوں کی فوری صحتیابی کے لئے دعا کی۔موصوف لیفٹیننٹ گورنر نے اپنے ایک ٹویٹ میں اس حادثے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ‘جھجر کوٹلی جموں میں پیش آئے دلدوز سڑک حادثے میں انسانی جانوں کے زیاں سے گہرا دکھ ہوا’۔انہوں نے ٹویٹ میں کہا: ‘غمزدہ کنبوں کی خدمت میں تعزیت اور زخمیوں کی فوری صحتیابی کے لئے دعا گو ہوں’۔ان کا کہنا تھا کہ ضلع انتظامیہ کو زخمیوں کی ہر ممکن مدد اور انہیں علاج کرنے کی ہدایت دی ہے۔دریں اثنا پولیس سربراہ دلباغ سنگھ ، چیف سیکریٹر ی ڈاکٹر ارون کمار مہتا نے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں زخمیوں کی عیادت کی۔ نامہ نگار وں سے بات چیت کے دوران چیف سیکریٹری نے کہاکہ حادثے کی مکمل جانچ کے احکامات صادر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حادثے میں دس افراد از جان جبکہ 55دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق زخمیوں کو بہتر علاج ومعالجہ فراہم کرنے کی خاطر ہسپتال انتظامیہ کو احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ یو این آئی