نیوز ڈیسک//
سرینگر۔ 12؍ جون: جموں و کشمیر میں محکمہ سکول ایجوکیشن نے ملازمین کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے ‘ بائیو میٹرک حاضری کا نظام’ متعارف کرایا ہے ۔ اگرچہ اس پر 100 فیصد عمل درآمد نہیں ہوا ہے لیکن اس نظام کے متعارف ہونے کے بعد سے سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی حاضری میں نمایاں بہتری آئی ہے۔یہ بیچ ماڈل ہائیر سیکنڈری اسکول ساوجیاں جموں و کشمیر کا پہلا سرکاری اسکول بن گیا ہے، جہاں اساتذہ کے علاوہ طلباء کی بائیو میٹرک حاضری بھی شروع کردی گئی ہے۔ صوبہ جموں کے سرحدی ضلع پونچھ میں ساواجیان کے ایک دور افتادہ علاقے میں واقع یہ اسکول ہمیشہ ایک منفرد پہل کرنے کی وجہ سے سرخیوں میں رہتا ہے۔اس اسکول میں نویں سے بارہویں جماعت تک 276 طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ طلباء بھی بائیو میٹرک مشینوں میں شرکت میں کافی دلچسپی ظاہر کر رہے ہیں اور انہوں نے اس اقدام کا خیرمقدم کیا۔سکول کے پرنسپل انور خان نے ملاپ نیوز نیٹ ورک سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ساوجیاں ماڈل ہائر سیکنڈری سکول جموں و کشمیر کا پہلا ایسا ادارہ ہے جس نے بائیو میٹرک حاضری کا نظام شروع کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ "اساتذہ کو سکول کے اوقات میں بائیو میٹرک حاضری کا پابند کیا گیا ہے، اسی طرح بچوں کو بھی پابند کیا جائے تاکہ تعلیمی نظام اور معیار کو بہتر بنایا جا سکے۔پرنسپل انور خان کے مطابق بائیو میٹرک حاضری کے بہت سے فائدے ہیں، جب ہمیں طلباء کی حاضری اوپر بھیجنی ہوتی تھی تو ہم رجسٹرڈ سے ہر فرد کی حاضری اور غیر حاضری کے دنوں کی تعداد کا حساب لگا کر بھیج دیتے تھے لیکن اب صرف ایک کلک پر پوری پی ڈی ایف فائل نکل آئے گی اور ہمیں پتہ چل جائے گا کہ کون سا بچہ آیا ہے اور کون سا نہیں۔ حاضری کی یہ فائل پی ڈی ایف فارمیٹ میں والدین کو بھی بھیجی جائے گی تاکہ انہیں یہ بھی معلوم ہو کہ ان کے بچے کب اسکول گئے تھے۔اس سکول میں نہ صرف حاضری بلکہ تعلیمی نظام کو بہتر بنانے کے لیے ایک اچھی لیبارٹری، اور لائبریری بھی قائم کی گئی ہے۔ سہ نصابی سرگرمیاں، کوئز، سیمینارز اور مباحثے کے مقابلے بھی لگاتار منعقد کیے جاتے ہیں، محکمہ کھیل میں سکول کے کئی بچوں نے انٹر زونل اور انٹر ڈسٹرکٹ مقابلوں میں بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔گزشتہ روز ضلع مجسٹریٹ پونچھ یاسین چودھری نے بھی اس سکول کا دورہ کیا اور وہاں دستیاب سہولیات کی تعریف کی۔ انہوں نے طلباء سے کئی سوالات بھی کئے جن کے تسلی بخش جوابات پر انہوں نے سکول انتظامیہ کی تعریف کی۔ واضح رہے کہ پرنسپل انور خان کا تعلق نہ صرف پونچھ سے ہے بلکہ وہ جموں و کشمیر کے بہترین اساتذہ میں سے ہیں، وہ کئی سالوں سے DIET پونچھ ہیں اور ریاستی سطح کے ورکشاپس اور اورینٹیشن پروگراموں میں اساتذہ اور لیکچررس کو تربیت بھی دے رہے ہیں۔