لیفٹیننٹ گورنر نے اَفسروں کو پانی کی سطح کی مسلسل نگرانی کرنے اور تمام ایجنسیوں کو بروقت میں قبل اَز وقت وارننگ دینے کی ہدایت دی
کشمیر انفو//
سری نگر/09 ؍جولائی:لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہا نے آج زیرو برج کا دورہ کیا اور سیلاب سے نمٹنے کی مجموعی تیاریوں کا جائزہ لیا۔لیفٹیننٹ گورنر نے محکمہ آبپاشی اور فلڈ کنٹرول کے اَفسروں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے پانی کی سطح کی مسلسل نگرانی کرنے اور تمام ایجنسیوں کو بروقت قبل اَز وقت وارننگ دینے کی ہدایت دی۔چیف اِنجینئر آبپاشی اور فلڈ کنٹرول نے لیفٹیننٹ گورنر کو جانکاری دی کہ تمام متعلقہ شراکت داروں کی جانب سے ایمرجنسی صورتحال سے نمٹنے کے لئے مناسب اقدامات کئے گئے ہیں۔محکمہ آبپاشی اورفلڈ کنٹرول نے پانی کی سطح کو بروقت پر مانیٹر کر نے کے لئے دریائے جہلم پر پانچ خود کار واٹر لیول ریکارڈرز اور نوااس کی معاون ندیوں پر نصب کئے ہیں۔ پانی کی سطح کا تجزیہ کیا جاتا ہے اور تمام شراکت داروں تک پہنچایا جاتا ہے۔لیفٹیننٹ گورنر کو جانکاری دی گئی کہ اَب سیلاب کی صورتحال ٹل گئی ہے ، سنگم میں پانی کی سطح کم ہو گئی ہے اور صورتحال قابو میں ہے۔اُنہوں نے پی ایم ڈی پی مرحلہ دوم کے کاموں کی پیش رفت کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں اور محکمہ کو ہدایت دی کہ وہ سیلاب سے نمٹنے کے کاموں میں تیزی لائیں بالخصوص فلڈ سپل چینل پر تاکہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کی جاسکے۔لیفٹیننٹ گورنر کے ہمراہ لیفٹیننٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر مندیپ کمار بھنڈاری ، اے ڈی جی پی کشمیر وِجے کمار ، صوبائی کمشنر کشمیر وِجے کمار بِدھوری ، ضلع ترقیاتی کمشنر سری نگر محمد اعجاز اور دیگر سینئر اَفسران بھی تھے۔