نیوز ڈیسک//
سری نگر، 29 جولائی: جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے ہفتہ کو 10 محرم عاشورہ کو نکالے جانے والے مرکزی ذوالجناح کے جلوس میں شرکت کے لیے سری نگر کے مرکزی شہر کے بوٹا کدل علاقے کا دورہ کیا۔ انہوں نے شیعہ عزاداروں میں ریفریشمنٹ بھی تقسیم کی۔
ایل جی سنہا سری نگر کے علاقے بوٹا کدل پہنچے اور ذوالجناح کے جلوس میں شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے ذوالجناح کو چادر چڑھائی اور حضرت امام حسین علیہ السلام کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے سوگواروں میں ریفریشمنٹ بھی تقسیم کی اور ان کی مکمل حمایت کی۔
ایل جی صبح 11 بجے کے قریب سخت حفاظتی حصار کے درمیان سری نگر کے بوٹا کدل علاقے میں پہنچے۔ ان کے ساتھ اے ڈی جی پی کشمیر وجے کمار، ڈویژنل کمشنر کشمیر وجے کمار بھیدوری، ایس ایس پی سری نگر راکیش بلوال، ڈپٹی کمشنر سری نگر محمد اعجاز اسد اور دیگر افسران بھی تھے۔ اے ڈی جی پی کشمیر وجے کمار نے کہا کہ جلوس پرامن طور پر جاری تھا۔بتادیں کہ ایل جی منوج سنہا کی عاشورہ جلوس میں شرکت کے پیش نظر پائین شہر میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے تھے۔اطلاعات کے مطابق لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے سری نگر کے بوٹہ کدل علاقے میں نکالے گئے عاشورہ جلوس میں شرکت کی۔
معلوم ہوا ہے کہ ایل جی منوج سنہا گیارہ بجے کے قریب بوٹہ کدل پہنچے اور وہاں پر تاریخی جلوس میں شامل ہوئے اس موقع پر عزاداروں نے لیفٹیننٹ گورنر کا شکریہ ادا کیا ۔عین شاہدین نے بتایا کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے اس موقع پر عزاداروں میں پانی بھی تقسیم کیا ۔
انہوں نے بتایا کہ جوں ہی بوٹہ کدل سے علم شریف اور زولجنا کا تاریخی جلوس نکالا گیا تو لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا اس میں شامل ہوئے ۔سٹی رپورٹر نے بتایا کہ ایل جی کے ہمراہ اے ڈی جی پی وجے کمار ، ڈی آئی جی سینٹرل ، ایس ایس پی سری نگراور ضلع ترقیاتی کمشنر اعجاز اسد بھی ساتھ تھے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ منوج سنہا کی پائین شہر آمد پر سیکورٹی کے کڑے انتظامات کئے گئے تھے۔خانیار سے لے کر لالبازار تک جگہ جگہ اضافی سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی تھی ۔بتادیں کہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے پہلی دفعہ سری نگر میں عاشورہ کے جلوس میں شرکت کی۔