نیوز ڈیسک//
سرینگر// سیکورٹی فورسز نے کولگام کے لاپتہ فوجی اہلکار کو بازیاب کیا ہے۔ جموں کشمیر پولیس کے ٹویٹر ہنڈل پر ایک ٹویٹ میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آف پولیس وجئے کمار کا حوالہ دیکر بتایا گیا ہے کہ کولگام کے لاپتہ فوجی اہلکار کو فورسز نے بازیاب کیا ہے۔ ٹویٹ کے مطابق فوجی اہلکار کو پہلے طبی چیک اَپ کیلئے منتقل کیا جارہا ہے جس کے بعد ان کی پوچھ تاچھ عمل میں لائی جائے گی۔ خیال رہے ٹویٹ میں بازیابی کی جگہ کو پوشیدہ رکھا گیا ہے۔ واضح رہے جاوید احمد نامی فوجی اہلکار گھر پر چھٹیوں پر آیا ہوا تھا جس دوران وہ اچانک لاپتہ ہوگیا تھا۔ فوجی اہلکار کے لاپتہ ہونے کے بعد یہ باور کیا جارہا تھا کہ انہیں کسی جنگجو تنظیم نے اغوا کیا ہوگا۔ ادھر فوجی اہلکار کے اہل خانہ نے بھی سوشل میڈیا پر اُن کی واپس حوالگی کی درخواست کی تھی۔ حال ہی میں ڈایریکٹر جنرل آف پولیس دلباغ سنگھ نے سرینگر میں جموں کشمیر مارٹیرز فٹ بال ٹورنامنٹ کی ایوارڈ تقریب کے حاشیہ پر نامہ نگاروں کیساتھ بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ لاپتہ فوجی اہلکار کی بازیابی کیلئے جموں کشمیر پولیس، سی آر پی ایف، آرمی اور دیگر ایجنسیاں مل کر کام کررہی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ فورسز کو لاپتہ فوجی اہکار سے متعلق کئی اہم ثبوت ہاتھ لگے ہیں جن پر سیکورٹی ایجنسیاں مل جل کر کام رہی ہیں۔